دہرہ دون ۔ 28 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : جیل میں محروس بی جے پی رکن اسمبلی کی اہلیہ اور فرزند سے ملاقات سے انکار اور ان کے خلاف نقص امن کا کیس درج کرنے پر چیف منسٹر اترکھنڈ ہریش کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بی جے پی نے آج بتایا کہ پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی 5 اکٹوبر کو چیف منسٹر کی قیام گاہ کے روبرو مظاہرہ کریں گے اور ریاستی حکومت کے آمرانہ رویہ اور جمہوری اصولوں کی پامالی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا ۔ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مسٹر اجئے بھٹ نے آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں چیف منسٹر نے ایک سینئیر پارٹی لیڈر کی زیر قیادت وفد جس میں مقید رکن اسمبلی ارویند پانڈے کی اہلیہ اور فرزند شامل تھے ۔ ملاقات سے انکار کردیا جب کہ یہ وفد انصاف طلب کرنے کے لیے ان سے ملاقات کا خواہش مند تھا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نہ صرف چیف منسٹر نے ملاقات سے انکار کردیا بلکہ نقص امن کا ایک کیس درج کروایا گیا ہے ۔ جس کے باعث حکومت کی آمرانہ روش اور تکبر ظاہر ہوتا ہے ۔ اپوزیشن لیڈر نے بتایا کہ ہماری پارٹی کے رکن اسمبلی کے خلاف سرکاری عہدیدار پر حملہ کا کیس درج کیا گیا ہے ۔ اس واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کرنے کے لیے رکن اسمبلی کا خاندان چیف منسٹر سے ملاقات کے لیے پہنچا تھا ۔ لیکن وفد کی نمائندگی کی سماعت کرنے کی بجائے الٹا نقص امن کی ایک شکایت درج کروائی گئی ہے ۔ جس کے خلاف پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی 5 اکٹوبر کو احتجاجی مظاہرہ کریں گے ۔