چیف منسٹر آج قلعہ گولکنڈہ میں پرچم کشائی کریں گے

محکمہ پولیس کی جانب سے سارا علاقہ کی خصوصی تلاشی
حیدرآباد۔14اگسٹ (سیاست نیوز) قلعہ گولکنڈہ میں یوم آزادی تقاریب کے سلسلہ میں محکمہ پولیس کی جانب سے آج قلعہ کے اطراف و اکناف اور پرچم کشائی کے مقام پر خصوصی تلاشی مہم چلائی گئی اور اطراف کے علاقوں میں سیکیوریٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں جہاں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی انجام دیں گے اس مقام پر کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف مختلف محکمہ جات کی جانب سے تیاریوں کاموں کی تکمیل کی ہدایت دی۔ محکمہ پولیس کے علاوہ محکمہ آثار قدیمہ ‘ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد‘ محکمہ آبرسانی ‘ محکمہ برقی کے علاوہ دیگر محکمہ جات کی جانب سے یوم آزادی تقریب کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے منعقد کی جانے والی اس یوم آزادی تقریب کے سلسلہ میں تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور شرکاء کی گاڑیوں کی پارکنگ اور دیگر امور کو بھی قطعیت دیتے ہوئے مقامات کا جائزہ لیا گیا۔ محکمہ پولیس کی جانب سے پرچم کشائی تقریب کے لئے خصوصی حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے آج قلعہ گولکنڈہ میں اسنیفر ڈاگس کے ذریعہ تلاشی لی گئی اور بم اسکواڈ نے بھی قلعہ کی مکمل تلاشی لیتے ہوئے تاریخی قلعہ گولکنڈہ کو اپنی نگرانی میں لے لیا ہے جہاں 15اگسٹ کو چیف منسٹر پرچم کشائی انجام دیں گے ۔ قلعہ گولکنڈہ میں پرچم کشائی تقریب کے دوران کلچرل پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے اور پولیس کے مختلف دستوں کی پریڈ بھی ہوگی ۔