چیف منسٹرکا دورہ کریم نگر کامیاب‘ عوام پر تحفوں کی بارش

کریم نگر ۔ 6اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر چندرا شیکھر راؤ کا دورہ کامیاب رہا ۔ پہلی مرتبہ یہاں آمد پر ٹی آر ایس کارکنوں اور عوام کی جانب سے پُرجوش اور والہانہ خیرمقدم کیا گیا ۔ مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد کلکٹریٹ میں عہدیداروں ‘ ارکان پارلیمنٹ‘ ارکان اسمبلی ‘ و ایم ایل سیز و دیگر منتخبہ قائدین کے ساتھ مختلف مسائل پر بات چیت کرنے کے بعد ضلع پریشد میٹنگ ہال میں پُرہجوم الکٹرانک و پرنٹ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے تلنگانہ بالخصوص ضلع کریم نگر کی عوام کے لئے وعدوں اور تیقنات کے تحفوں کی بارش کردی اور تقریباً 50ترقیاتی کاموں کی بروقت منظوری دے دی ۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے آبی و برقی مسائل سے عوام کو چھٹکارہ دلانے کا تیقن دیا اور کہا کہ رولنگ ڈرنکنگ واٹر ‘ تلنگانہ ڈرنکنگ واٹر گریڈ کو اندرون چار سال مکمل کرلیا جائے گا ۔ اس کیلئے 25ہزار سے 30ہزار کروڑ تک خرچ آئیں گے ۔اس پراجکٹ کی تکمیل کے بعد ہر گاؤں اور ہر دیہی علاقہ میں پانی کی سربراہی ہوگی ‘ کہیں بھی پانی کی قلت نہیں ہوگی ۔ اس سلسلہ میں ایک لاکھ کلومیٹر پائپ لائن ڈالی جائے گی ۔ 160ٹی ایم سی پانی کی ضرورت کے تحت 80ٹی ایم سی گوداوری اور 80ٹی ایم سی پانی کرشنا سے لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ اندرون تین سال برقی قلت پر قابو پالیا جائے گا اور عوام کو 24گھنٹے بلاوقفہ برقی سربراہی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کی کوئلہ کی کان سنگارینی میں کافی ذخیرہ موجود ہے اس سے استفادہ کرتے ہوئے برقی تیار کی جائے گی ۔ سنگارینی سے متحدہ آندھرا میں صحیح استفادہ نہیںکیا گیا لیکن اب سنگارینی کی شکل و صورت بدل دی جائے گی ۔ تلنگانہ میں برقی کی قلت آندھرائی سازش ہے ۔ 710میگاواٹ برقی سربراہی بند کردی گئی ہے ۔ چھتیس گڑھ سے برقی لانے کیلئے لائن نہیں ہے ‘ اس کیلئے ایک سال لگے گا ۔

فی الحال 1000میگاواٹ سولار برقی پیداوار کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسقبل میں حیدرآباد ‘ ورنگل ‘ کھمم ‘ کریم نگر ‘ نظام آباد کارپوریشنوں کو بین الاقوامی شہر نیویارک اورلندن کے طرز پر ترقی دی جائے گی ۔ ان چاروں شہروں میں رنگ روڈ تعمیر کی جائے گی جس کی نگرانی بذات خود میں کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کریم نگر سے میرا جذباتی لگاؤ ہے ۔ کریم نگر ‘ نظام آباد میں انڈر گراؤنڈ بریج کی حالت ابتر ہے اسے درست کیا جائے گا اور دیگر ترقیاتی کاموں پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے قرض معافی کیلئے کابینہ میں فیصلہ ہوچکا ہے ۔ کسانوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ایمسیٹ کونسلنگ کیلئے سپریم کورٹ کا فیصلہ آچکا ہے ۔ 11اگست کو ہم اپنا مسئلہ پیش کریں گے ۔چیف منسٹر نے جامع خاندانی سروے کو اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے 19اگست کو ہر فردکو گھر پر موجود رہنے کی خواہش کی اور کہاکہ اُس دن عام تعطیل ہے‘ بس بند کردیئے جائیں گے ‘ خانگی گاڑیاں بھی حاصل کرلی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اسکیمات کی موثر عمل آوری اور مستحقین تک اس کے نتائج پہنچنے کیلئے عوام کی معاشی ‘ تعلیمی اور دیگر تفصیلات کا معلوم ہونا ضروری ہے ۔ اس کے نہ ہونے کی وجہ بڑے بڑے اسکامس اور بدعنوانیوں ہورہی ہے ۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ 19اگست کو اگر شادی بیاہ کی تقریبات ہوں تو اسے بھی ملتوی کردیں اور اُس دن گھر میں ضرورت موجود رہیں ۔ انہوں نے اس تعلق سے میڈیا کو بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرنے کی خواہش کی ۔ ایک صحافی کے سوال پر کہ جرنلسٹوں کو سفید راشن کارڈ دیئے جائیں گے ‘ انہوں نے کہاکہ جرنلسٹ ‘ ایم پیز ‘ ایم ایل ایز جس کسی کے پاس بھی وائٹ کارڈ ہو اسے واپس لے لیا جائے گا ۔ البتہ جرنلسٹوں کو یونیک کارڈ دیئے جائیں گے ۔ اس سلسلہ میں پریس اکیڈیمی کے ایم نارائن سے گفتگو کی گئی ہے۔ صحافیوں کو رہائشی مکان کی فراہمی کے سلسلہ میں سوال کرنے پر انہوں نے کہا کہ میں نے کوئی ایسا وعدہ نہیں کیا تھا ۔ چیف منسٹر نے ضلع کریم نگر کی عوام پر تحفوں کی بارش کرتے ہوئے کہا کہ دواخانہ کریم نگر کو میڈیکل کالج میں تبدیل کیا جائے گا ۔

سنگارینی کے احاطہ میں ایک میڈیکل کالج اور نمس کی طرز پر دواخانہ کا قیام ‘ پداپلی 100بستر والا دواخانہ ‘ حسن آباد میں 30بستر سے 50بستر کا دواخانہ‘ منتھنی میں 100بستر کے دواخانے کی تعمیر کیلئے جگہ کی نشاندہی کی منظوری دے دی ۔ حیدرآباد کی طرز پر تمام اضلاع میں پولیس کو عصری بنایا جائے گا ۔ کریم نگر ضلع میںکسانوں کی درکار انپُٹ سبسیڈی فراہم کیا جائے گا ۔ جگتیال کو ضلع کی حیثیت دی جائے گی ۔ بتکماں کھیلنے کیلئے ماناکنڈور تالاب کو ترقی دی جائے گی ۔ کورٹلہ اور مٹ پلی شہروں میں پینے کے پانی کیلئے خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر نے بے شمار وعدے اور تیقنات کے تحفوں کی بارش کرتے ہوئے کریم نگر کی عوام کو شرابور کردیا ۔ ایک صحافی کی جانب سے مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات فراہمی کے تعلق سے سوال کرنے پر انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ایک کمیٹی مقرر کردی گئی ہے ‘ اس کے باوجود اس بارے میں کیوں سوال کیا جارہا ہے یہ کہتے ہوئے برہم ہوگئے اور کہا کہ 12فیصد ہی نہیں ہوسکا تو 15فیصد بھی تحفظات دیں گے ۔ اس موقع پر ایٹالہ راجندر وزیر فینانس ‘ کے تارک راما وزیر پنچایت راج ‘ زیڈ پی چیرمین ٹی اوما ‘ رکن پارلیمنٹ ونود کمار ‘ ارکان اسمبلی گنگولا کملاکر ‘ میئر کارپوریشن سردار رویندر سنگھ ‘ ایم ایل سی پی سدھاکر ریڈی ‘ بھانو پرساد راؤ اور دیگر قائدین و عہدیدار موجود تھے ۔