ممبئی 23 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ غیر بی جے پی چیف منسٹروں کی ہتک کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کو ذمہ دار قرار نہیںدیا جاسکتا ۔ ٹھاکرے نے کہا کہ جو لوگ چیف منسٹرس کا مضحکہ اڑاتے ہوئے ان پر طعنے کس رہے ہیں انہںے گجرات یا دہلی سے نہیں لایا گیا ہے ۔ یہ لوگ مہاراشٹرا اور ہریانہ سے ہی تعلق رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ حال ہی میں نریندر مودی کی موجودگی میں مہاراشٹرا ‘ ہریانہ اور جھارکھنڈ کے چیف منسٹرس کو عوامی براہمی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ انہوں نے پارٹی ترجمان اخبار سامنا میں تحریر کیا کہ مودی نے لوک سبھا انتخابات میں بہترین اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے اور وہ جہاں کہیں جاتے ہیں عوام ان کی تائید میں نعرے لگاتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ اس طرح کے واقعات کیلئے کس طرح مودی کو ذمہ دار قرار دیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے نریندر مودی کی موجودگی والی ایک تقریب کے بائیکاٹ کے چیف منسٹر مہاراشٹرا پرتھوی راج چاوان کے فیصلے کو افسوسناک قرار دیا ۔