چیف سکریٹری حملہ کیس: کجریوال و دیگر کو سمن

نئی دہلی ۔ 18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ایک عدالت نے آج چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال، ان کے نائب منیش سیسوڈیا اور عام آدمی پارٹی کے 11 ایم ایل ایز کو چیف سکریٹری انشوپرکاش پر حملہ کے کیس میں ملزمین کی حیثیت سے سمن جاری کیا ہے۔ پرکاش کو مبینہ طور پر 19 فبروری کی رات کجریوال کے سرکاری قیامگاہ پر ایک میٹنگ کے دوران زدوکوب کیا گیا تھا۔ ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ سمر وشال نے دہلی پولیس کی داخل کردہ چارج شیٹ کا نوٹ لیتے ہوئے سمن جاری کئے۔ عدالت نے کہا کہ اس کیس میں ملزمین کے خلاف الزامات وضع کرنے کے معقول بنیادیں ہیں۔ چارج شیٹ میں عام آدمی پارٹی کے 11 لیجسلیٹرس امانت اللہ خان، پرکاش جروال، نتن تیاگی، ریتوراج گووند، سنجیو، اجے دت، راجیش رشی، راجیش گپتا، مدن لال، پروین کمار اور دنیش ملزمین کی حیثیت سے نامزد کئے گئے ہیں۔