چیف آف اسٹاف جان کیلی نے عہدہ کا جائزہ لے لیا

واشنگٹن ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے نئے چیف آف اسٹاف نے آج اپنے عہدہ کا وائیٹ ہاؤس کے ویسٹ ونگ میں جائزہ حاصل کرلیا جہاں اس وقت بحرانی کیفیت پائی جاتی ہے۔ ریٹائرڈ جنرل جان کیلی جو قبل ازیں ہوم لینڈ سیکوریٹی سکریٹری کے فرائض انجام دیرہے تھے، نے سبکدوش کئے گئے رینس پرائبس سے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ صدر ٹرمپ کو پوری توقع ہیکہ نئے انتظامیہ میں کیلی امریکی افواج میں نظم و نسق پیدا کرینگے اور ساتھ ہی ساتھ وائیٹ ہاؤس اسٹاف میں جاری چپقلش اور مختلف نوعیت کی تحقیقات میں اہم رول ادا کرینگے۔ بہرحال یہ تمام باتیں اس حقیقت سے مشروط ہیںکہ صدر ٹرمپ نے کیلی کو کس نوعیت کے اختیارات تفویض کئے ہیں کیونکہ ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں میں بھی پھوٹ پڑ چکی ہے اور وہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر دست و گریباں ہورہے ہیں۔ ایسی صورت میں کیا وہ کیلی کیساتھ اپنے اختلافات بھول کرتعاون کرسکیں گے۔