چیس : پرتیوشا کو ویمن انٹرنیشنل ماسٹر ٹائٹل

حیدرآباد ۔ 12 مئی۔(سیاست ڈاٹ کام) شطرنج کی اُبھرتی کھلاڑی پریتوشا بوڈا نے ویمنس انٹرنیشنل ماسٹرز ( ڈبلیو آئی ایم ) ٹائٹل فیڈے کے 2128 ای ایل او ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ حال ہی میں جیت لیا ہے ۔وہ کسی تلگو ریاست سے کونیرو ہمپی کے بعد صرف چوتھی وومن انٹرنیشنل ماسٹر ہیں۔ ضلع وشاکھاپٹنم میں نرسی پٹنم سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ پریتوشا موجودہ طورپر انٹرمیڈیٹ کی طالبہ ہے ۔ انھوں نے راما راجو اکیڈیمی آف چیس ایجوکیشن کے ویٹرن چیس کوچ این راما راجو کی پیشہ ور رہنمائی میں یہ اعزاز پایا ہے۔ انھوں نے اپنا پہلا ٹائٹل سات سال کی عمر میں جیتا جب انھیں ایشین یوتھ چیس ٹیم ایونٹ 2004ء منعقدہ سنگاپور کی انڈر 8 گرلز کیٹگری میں حاصل ہوا تھا ۔تب سے پریتو شا نے کبھی پیچھے مڑکر نہیں دیکھا اور نیشنل چیس چمپئین شپ میں بھی گولڈ میڈل جیتا ۔ پریتوشا کافی باصلاحیت کھلاڑی ہے اور انھیں اپنی توجہ اندرون دو سال وومن گرانڈ ماسٹر بننے پر مرکوز کرنی چاہئے ، کوچ راما راجو نے آج اس تاثر کا اظہار کیاہے ۔وہ گزشتہ سات سال سے انھیں ٹریننگ دیتے آئے ہیں۔

ان کے خیال میں پریتوشا عین ممکن ہے مستقبل قریب میں ورلڈ جونیر گرلز چیس ٹائٹل جیت جائیں گی ۔ راما راجو کا کہنا ہے کہ پریتوشا کو اوپننگ اور پھر اختتامی مہارت حاصل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ڈی ہریکا کی کامیابی کی تقلید کرسکیں۔ آج یہاں ’پریس‘ سے ملاقات کے موقع پر ہریکانے کہا کہ ان کی اور پریتوشا کی کامیابی نیز کئی اُبھرتے ٹینس اسٹارس کی جیت ان کے کوچ راما راجو کی مرہون منت ہے اور ان کی اکیڈیمی ‘RACE’ نے اس ضمن میں نمایاں رول ادا کیا ہے ۔ اس موقع پرپریتوشا نے کہاکہ وہ بھرپور محنت کرتے ہوئے نہ صرف اپنے خوابوں کی تکمیل کریں گی ، بلکہ ریاست اور ملک کا نام روشن کرنے کا عزم بھی رکھتی ہیں ، اس مشکل راہ میں انھیں اسپانسرز کی بلاشبہ ضرورت ہوگی اور انھیں پوری اُمید ہیکہ فراخ دل گوشوں سے مایوسی نہیں ہوگی ۔