سوچی(روس)۔ 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چیس ورلڈ چمپین شپ کے انتہائی سخت افتتاحی مقابلے کو ڈرا کرنے پر وشواناتھن آنند مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹائٹل کا دفاع کررہے میگنس کارسن کے ساتھ یہ مقابلہ وشواناتھن آنند کیلئے انتہائی سخت ثابت ہوا لیکن اس کا نتیجہ ڈرا کی شکل میں برآمد ہونے پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ مابعد میچ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پانچ مرتبہ ورلڈ چمپین رہنے والے آنند نے کہا کہ بعض چالوں پر وہ پریشان ہوگئے تھے لیکن فوراً صورتحال پر انہوں نے قابو پالیا۔ وہ اب خود کو پرسکون محسوس کررہے ہیں۔ آنند نے کہا کہ ابتدائی میچ میں کافی دباؤ تھا اور کچھ دیر کے لئے ان کے اوسان خطا ہوگئے تھے لیکن کھیل کا نتیجہ ان کے لئے اطمینان بخش رہا۔ دوسری طرف کارسن نے اس بات سے اتفاق کیا کہ ٹورنمنٹ کا آغاز مسابقتی رہا۔ انہوں نے کہا کہ شروع میں یہ آسان لگ رہا تھا لیکن رفتہ رفتہ مقابلہ سخت ہوتا گیا۔