حیدرآباد ۔12 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) روسٹن چیس(ناٹ آؤٹ 98) اورکپتان جیسن ہولڈر(52) کی نصف سنچریوں سے ویسٹ انڈیز نے ہندستان کے خلاف دوسرے اور آخری ٹسٹ کے پہلے دن جمعہ کو بحران سے نکالتے ہوئے سات وکٹ پر295 رنز بنا لئے ۔ ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر راجیو گاندھی بین الاقوامی اسٹیڈیم میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے پانچ وکٹ صرف 113 رن پر گنوا دیے تھے ۔ لیکن روسٹن چیس نے وکٹ کیپر شین ڈارچ(30) کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لئے 69 رنز اورکپتان ہولڈر کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے104 رن جوڑ کر اپنی ٹیم کو سنبھالا۔ چیس نے174 گیندوں پر ناٹ آوٹ98 رنز میں سات چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ڈارچ نے 63 گیندوں پر 30 رن میں چار چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ ہولڈر نے92 گیندوں پر52 رنز میں چھ چوکے لگائے ۔ فاسٹ بولر امیش یادو نے ہولڈر کو وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کراکر ساتویں وکٹ کی شراکت کو توڑا۔ یادو نے اس سے پہلے ڈارچ کا بھی وکٹ لیا تھا۔26 سال کے روسٹن نے ہندستان کیفاسٹ اورا سپن بولروں کا ڈٹ سامنا کرتے ہوئے چوتھی سنچری کی جانب اپنا قدم بڑھا دیا ہے ۔ ہولڈر نے اپنی آٹھویں نصف سنچری بنائی اور کپتانی کی ذمہ داری والی اننگز کھیلی۔ ہندستان کی جانب سے یادو نے 23 اوور میں83 رن پر تین وکٹ، چائنامین بولر کلدیپ یادو نے 26 اوور میں 74 رن پر تین وکٹ اور آف اسپنر روی چندرن اشون نے 24.2 اوور میں 49 رن پر ایک وکٹ لیا۔