چیریال کے شخص کی سعودی عرب میں خودکشی

ورثاء ‘ میت کی منتقلی کے منتظر ۔ خاندان کفیل سے محروم

حسن آباد ۔ 2 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سعودی عربیہ سے تاخیر سے ملی اطلاعات کے بموجب چیریال منڈل کے موضع ویچرانی کے متوطن 40 سالہ محمد احمد خانگی ہاوز ڈائیور جو کہ گذشتہ 8 سال سے سعودی شہر الحاسہ الحفوف میں بطور ہاوز ڈرائیور مقیم رہ کر اپنی ضعیف العمر والدہ ‘ اہلیہ و دو کمسن بچوں کی کفالت کر رہا تھا ۔25 مئی 2017 کی رات دیر گئے اپنے کمرے میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی اور برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ جس کی اطلاع دو روز قبل موضع ویچرانی منڈل چریال ضلع سدی پیٹ میں مقیم ارکان خاندان کو ملی ۔ جس کے سنتے ہی غریب خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹا ۔ اس ضمن میں آج نمائندہ سیاست نے بیوہ و دیگر ارکان خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے تمام تر تفصیلات سے آگاہی حاصل کی۔ سعودی شہر الحاسہ میں بحیثیت ہاوز ڈرائیور برسرخدمت محمد احمد نے جاریہ سال کے اوائل میں دوسرے ویزا پر اپنے حقیقی بھانجے محمد سلیم متوطن راجگوپال پیٹ کو الحاسہ طلب کیا تھا نیز ساتھ میں بھاری مقدار میں انڈین میڈیسن پر مشتمل ضروری ادویہ لانے کو کہا جو کہ سعودی قوانین کی رو سے جرم ہے ۔ 18 جنوری 2017 کو حسب خواہش محمد سلیم بھاری مقدار ادویہ کے ہمراہ جدہ ایرپورٹ پہنچا جہاں سعودی حکام نے رنگے ہاتھوں گرفتار کرتے ہوئے قید کر دیا ۔ اس ضمن میں سعودی میں محروس محمد سلیم کو رہا کروانے کے لئے متوفی محمد احمد نے زائد تین لاکھ روپئے کا قرضہ لیکر رہا کروا کر دو بارہ ہندوستان واپس بھیج دیا ۔ قرض کی ادائیگی کے لئے قرض داروں کے بڑھتے ہوئے دباؤ دسے دلبرداشتہ ہو کر 25 مئی 2017 کو پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ انتقال کی اطلاع سے پریشان حاصل ورثاء والدہ محترمہ فاطمہ بی 72 سالہ ‘اہلیہ بیوہ حبیبہ بی ‘ 11 سالہ فرزند سمیر ۔ 9سالہ شاذیہ نامی دختر بعجلت ممکنہ نعش کو اپنے وطن موضع ویچرانی منڈل چیریال لانے اور ہر ممکنہ امداد فراہم کرنے کی ریاستی و مرکزی حکومتوں سے پرزور اپیل کی ہے ۔ اس ضمن میں مزید تفصیلات کے لئے بیوہ حبیبہ بی کے سیل نمبر : 9963874233 پر کال کرسکتے ہیں ۔