چیریال میں کانگریس کا آج توسیعی اجلاس

مدور۔/24 اکٹوبر ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی جنگاؤں میں کانگریس پارٹی کو نچلی سطح سے مستحکم بنانے کیلئے نئے پارٹی کارکنوں کو چوکس کرنے کی غرض سے آج 25 اکٹوبر کو جنگاؤں حلقہ میں شامل کمراویلی اور چیریال منڈلس کے سرگرم کارکنوں کا ایک تنظیمی اجلاس صبح 11 بجے کلیانی گارڈن چیریال پر منعقد کیا جارہا ہے ۔ جناب سید خواجہ امام الدین اقبال بیابانی سینئر پارٹی قائد کے موجب مذکورہ اجلاس مسٹر پنالہ لکشمیا سابق صدر پردیش کانگریس کمیٹی و امیدوار کانگریس برائے حلقہ جنگاؤں و دیگر قائدین شرکت کریں اور مخاطب کریں گے۔ مسرس سید افروز، محمد خواجہ ، کے روی، نرسیا پنتلو، سید خواجہ اما م الدین اقبال بیابانی و دیگر نے مذکورہ منڈلس کے کارکنوں بالخصوص مسلمانوں سے کثیر تعداد میں شرکت کرنے کی خواہش کی۔

سانپ ڈسنے سے تلگودیشم قائد ہلاک
حسن آباد۔/24اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حسن آباد منڈل کے موضع جلاگڈہ میں آج صبح زرعی کاموں میں مصروف 55 سالہ بوئنی آنندم نامی سینئر تلگودیشم قائد کو انتہائی زہریلے سانپ کے ڈسنے کی وجہ سے کچھ ہی دیر میں جائے حادثہ پر ہی موت واقع ہوگئی۔ بیوہ ساوتری کے بموجب متوفی نے 8:55 بجے اپنے موبائیل فون سے سانپ ڈسنے کی ارکان خاندان کو اطلاع دی۔ 9:10 بجے ارکان خاندان کے جائے حادثہ پر پہنچے سے قبل ہی بوئنی آنندم فوت ہوچکے تھے۔ بیوہ کی تحریری شکایت پر کیس درج کرکے تحقیقات کرنے کا سب انسپکٹر سدھاکر نے اعلان کیا۔ دریں اثناء حلقہ اسمبلی حسن آباد کے سینئر تلگودیشم پارٹی قائد مسٹر بی آنند کی اچانک موت پر پارٹی قائدین سرینواس، ملیشم، محمد ریاض الدین نواز، بتلہ سرینواس و دیگر نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کا ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔