چیریال میں آتشزدگی ، 10گائے جھلس کر فوت

کئی جھونپڑیاں خاکستر، 10لاکھ روپئے نقصان کا تخمینہ
مدور۔/2مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیریال منڈل کے موضع رسول آباد میں آج دوپہر اتفاقی طور پر ہوئی مہیب آتشزدگی کی واردات میں جھونپڑی میں باندھ کر رکھے گئے 10 گائے ، 16 بکریاں ، 3 بچھڑے بری طرح جھلس کر برسر موقع فوت ہوگئے جبکہ مزید 2 گائے اور 19بکریاں جزوی طور پر جھلس کر زیر علاج ہیں۔ تحصیلدار کمراویلی مسٹر بھکشا پتی کے بموجب رسول آباد کے مقامی دمبالہ سری رامیا کسان نے گزشتہ دو روز سے اپنی کپاس کی خشک فصل کو صاف کرنے کیلئے نذر آتش کررہا تھا آج جلتی ہوئی کپاس سے آگ کے شعلے تیز ہواؤں کے سبب قریب میں ذخیرہ کئے گئے گھاس کی بھاری مقدار کو اپنی لپیٹ میں لیا نیز گھاس سے ملحقہ مویشیوں کی جھونپڑی تک بھاری مقدار میں آگ کے شعلے پہنچ کر چاروں سمت سے جھونپڑی کو اپنی لپیٹ میں لیکر جھونپڑی میں باندھے ہوئے 10گائے ، 16 بکریوں اور 3 بچھڑے زندہ نذر اتش کرگئے۔ مہیب آتشزدگی سے نکلنے والے دھواں اور مویشیوں کی چیخ پکار سے قریبی کھیتوں میں موجود کسانوں نے مویشی مالک رامیا کو مطلع کیا نیز تیز آگ کو بجھانے کی بھرپور کوشش کی تاہم جب تک مکمل طور پر مویشی وجھونپڑی جلکر خاکستر ہوگئے تھے۔ معمولی طور پر جھلسے ہوئے چوپایوں کو کسانوں و عینی شاہدین نے موضع مرمچیال میں مدجود حیوانات کے دواخانہ کو علاج کی غرض سے رجوع کیا۔ نذرآتش ہوئے مویشی و گھاس کی بھاری مقدار جلکر خاکستر ہونے پر تقریباً 10 لاکھ روپئے کا مالی نقصان بتایا جارہا ہے۔ اطلاع پاکر تحصیلدار کمراویلی بھکشا پتی نے پنچنامہ کیا نیز خاطر خواہ معاوضہ و نقصان کی پابجائی کیلئے ریاستی حکومت کو رپورٹ روانہ کرنے متاثرہ کسان رامیا کو تیقن دیا۔