ٹی آر ایس کے 24 کونسلرس کی دستخط شدہ یادداشت ضلع کلکٹر کو پیش کرنے پر زبردست سیاسی ہلچل
کورٹلہ ۔20 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مجلس بلدیہ کورٹلہ کے ٹی آر ایس پارٹی کو نسلروں کی جانب سے چیر مین مجلس بلدیہ کورٹلہ کے خلاف پیش کی گئی۔تحریک عدم اعتماد سے کورٹلہ میں سیاسی ہلچل پیدا ہوگئی ہے۔کل تک مجلس بلدیہ کورٹلہ کونسلروں نے تحریک عدم اعتماد کی نوٹس دینے کے سلسلے میں درکار کونسلروں کی دستخط کے سلسلے میںجو مہم چلائی تھی اور اِس ضمن میں 24کونسلروں کے تعاون سے دستخطوں پر مشتمل نوٹس بروز چہارشنبہ کی شب جگتیال کے کلکٹر جناب شرت کے حوالے کی۔ تحریک عدم اعتماد پیش کرنے والے کونسلروں کی جانب سے کلکٹر کو نوٹس دئے جانے کا مسئلہ مجلس بلدیہ کورٹلہ کے عوام میں موضوع بحث بن گیا ہے۔مجلس بلدیہ کے ایکٹ کے مطابق چیرمین مجلس بلدیہ پر تحریک عدم اعتماد نوٹس دینے کے لئے کونسل کی جملہ تعداد میں 3/4 کونسلروں کی دستخط چاہئے۔اِس حساب سے کورٹلہ کے 31رکنی کونسل میں 22کونسلروں نے تحریک عدم اعتماد کی تائید میں ووٹ دینا ضروری ہے۔ چہارشنبہ کے دن 24کونسلروں نے دستخطوں پر مشتمل تحریک عدم اعتماد کی نوٹس کلکٹر جگتیال کے حوالے کی چیرمین مجلس بلدیہ کو اپنا عہدہ بچائے رکھنے کے لئے ْ1/3 اکثریت چاہئے۔اِس حساب سے چیر مین کی11کونسلروں کی تائید سے تحریک عدم اعتماد کو شکست دی جاسکتی ہے۔چیرمین مجلس بلدیہ کورٹلہ کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد پر دستخط کرنے والوں میں ٹی آر ایس پارٹی کے ساتھ ایم آئی ایم پارٹی کے کونسلرس شامل ہیں۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں مجلس بلدیہ کورٹلہ کے کونسلروں میں چند کونسلروں پرٹی آر ایس پارٹی کے اُمیدوار کی کامیابی کے سلسلے میں ٹھیک ڈھنگ سے کام نہ کئے جانے شکایت عام ہے۔ جناب کے ودیا ساگر رائو رکن اسمبلی کورٹلہ جنھیں کورٹلہ ٹائون میں کانگریس آئی اُمیدوار جناب جواڈی نرسنگ رائو سے 4ہزار کم ووٹ حاصل ہوئے چیر مین مجلس بلدیہ کورٹلہ سے شدید ناراض رہنے کی اطلاع عام ہے۔ اِس ضمن میں چند کونسلروں کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کرتے ہوئے کلکٹر جگتیال کو نوٹس دی گئی۔تحریک عدم اعتماد پیش کرنے والے گروپ کی جانب سے چیر مین مجلس بلدیہ کورٹلہ کو اُن کے عہدے سے ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہیں۔ اس میں جناب کے ودیا ساگر رائو رکن اسمبلی کورٹلہ کا اہم رول رہیگا۔چیر مین مجلس بلدیہ کورٹلہ کے عہدہ پر برقرار رہنے یا پھر اُنھیں عہدہ سے ہٹائے جانے مین جناب کے ودیا ساگر رائو ایم ایل اے کا فیصلہ کافی اہمیت کا حامل ہے۔ تحریک عدم اعتماد کی نوٹس کلکٹر جگتیال کو دئیے جانے کے بعد چیرمین مجلس بلدیہ کورٹلہ کا گروپ جناب کے ودیا ساگر رائو رکن اسمبلی کورٹلہ کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش میں لگا ہوا ہے۔مجلس بلدیہ کورٹلہ میں حالیہ اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس اُمیدوار جناب کے ودیا ساگر رائو کو کم ووٹ حاصل ہونے کی اہم وجہ کورٹلہ ریوینیو ڈیویژن کا مسئلہ رہا۔ جبکہ چیر مین مجلس بلدیہ کورٹلہ گروپ کا کہنا ہے کہ جناب کے ودیا ساگر رائوکی کامیابی کے سلسلے میں کافی جدوجہد کی۔ لیکن حریف اُمیدوار کو 4ہزار ووٹو ں کی اکثریت حاصل ہونا کوئی بڑی بات نہیں۔چند دن قبل جناب شیلم وینوگوپال چیر مین مجلس بلدیہ کورٹلہ نے حیدرآباد میں جناب کے ودیا ساگر رائو رکن اسمبلی کورٹلہ اور شریمتی کے کویتا رکن پارلیمنٹ نظام آباد سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کرتے ہوئے اُنھیں کورٹلہ کے سیاسی حالات سے واقف کروایا۔اِس ضمن میں رکن پارلیمنٹ نظام آباد شریمتی کویتا اور رکن اسمبلی کورٹلہ جناب کے ودیا ساگر رائو کی جانب سے لیا جانے والا فیصلہ کافی اہمیت کا حامل ہو چکا ہے۔