نرمل /14 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع پریشد چیرمین ضلع عادل آباد محترمہ سدھا رانی اور ان کے شوہر ستیہ نارائن گوڑ 13 جنوری کو میڑچل کے قریب ایک سڑک حادثہ میں بال بال بچ گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ محترمہ سدھا رانی اور ان کے شوہر چیف منسٹر سے ملاقات کے لئے حیدرآباد جا رہے تھے کہ میڑچل کے قریب قومی شاہراہ پر یک رخی راستہ (جہاں کام ہو رہا تھا) سے گزر رہے تھے کہ مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار لاری ان کی کار سے ٹکرا گئی۔ کار میں سوار چیرمین، ان کے شوہر اور گن میں کو معمولی زخم آئے، جب کہ ڈرائیور کے شدید زخمی ہونے پر اسے دوا خانہ منتقل کیا گیا۔ رات دیر گئے ستیہ نارائن گوڑ اور محترمہ سدھا رانی نرمل پہنچے۔ حادثہ کی اطلاع پاکر ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے ان کی رہائش گاہ پہنچ کر افسوس ظاہر کیا۔ اسی دوران حیدرآباد حیدرآباد سے اے اندرا کرن ریڈی ریاستی وزیر امکنہ نے اپنے افراد خاندان کے ساتھ ستیہ نارائن گوڑ کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کی خیریت دریافت کی۔ پولیس کے اعلی عہدہ دار بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ آج شام تک ملاقات کرنے والوں کا تانتا بندھا رہا۔