چیاپل میرا کرئیر ختم کرنے کے خواہاں تھے: ظہیرخان

نئی دہلی 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کامیاب ترین فاسٹ بولر ظہیر خان نے بھی سابق متنازعہ کوچ گریگ چیاپل کے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2005ء میں اُس وقت کے کوچ نے ظہیرخان سے کہا تھا کہ وہ ہندوستانی ٹیم کی اُس وقت تک نمائندگی نہیں کرسکتے جب تک کہ وہ کوچ کے عہدہ پر فائز ہیں۔ ظہیر خان کے بموجب چیاپل کو جب کوچ مقرر کیا گیا تھا تو اُنھوں نے کہا تھا کہ جب تک وہ کوچ کے عہدہ پر فائز ہیں تب تک فاسٹ بولر ہندوستان کی نمائندگی نہیں کرپائیں گے۔ ظہیر خان نے مزید کہاکہ 2005 ء تا 2007 ء جب گریگ چیاپل کوچ تھے تو یہ ہندوستان کی کرکٹ کا سیاہ دور تھا کیونکہ وہ کھلاڑیوں کے حق میں بہتر فیصلے نہیں کرتے تھے۔