حیدرآباد /3 اپریل ( سیاست نیوز ) راجندر نگر کے علاقہ میں رہزنی کی سنگین واردات پیش آئی ۔ جہاں چہل قدمی سے واپسی کے دوران ایک ضعیف خاتون کے گلے سے چین چھین لی گئی ۔ اس واقعہ نے راجندر نگر پولیس کی چوکسی کی قلعی کھول دی اور پولیس کارکردگی پر سوالیہ نشان لگایا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 60 سالہ سورنا نامی خاتون جو آج صبح چہل قدمی سے واپس ہو رہی تھی نیو فرینڈز کالونی میں دو اجنبی افراد نے جو اس خاتون کا تعاقب کر رہے تھے ۔ گلے سے طلائی منگل سوتر کو چھین لیا ۔ جو تقریباً 7 تولہ کا بتایا گیا ہے ۔ راجندر نگر پولیس نے بتایا کہ قریب کے کالونیز اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ جانچ کی جارہی ہے ۔ دو افراد میں ایک ہیلمیٹ پہنا ہوا تھا اور دوسرا جاکٹ پہنا ہوا تھا ۔ راجندر نگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔