چھگن بھوجبل کیخلاف 2 ماہ میں تحقیقات مکمل کرلی جائے

ممبئی ۔ 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے سابق وزیر چھگن بھوجبل کے خلاف منی لانڈرنگ اور لینڈ گرابنگ کے الزامات کی تحقیقات میں ریاستی اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے پہلے ہی 6 ماہ کا وقت لینے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ممبئی ہائیکورٹ نے آج اے سی پی کو ہدایت دی کہ اپنی تحقیقات مکمل کرکے اندرون 2 ماہ رپورٹ پیش کردے۔ چیف جسٹس موہیت شاہ کی زیرقیادت ڈیویژن بنچ کو کارگذار ایڈوکیٹ جنرل انیل سنگھ نے مطلع کیا کہ مہاراشٹرا سدن اسکام اور کلینا لینڈ گرابنگ کیس میں این سی پی لیڈر اور ان کے افراد خاندان کے خلاف اے سی بی نے 2 ایف آئی آر درج کئے ہیں جبکہ تیسرا کیس ہاؤزنگ پراجکٹ اسکام میں نوی ممبئی پولیس نے درج کیا ہے، جس میں ایک رئیل اسٹیٹ کمپنی Hex World نے 2 ہزار افراد سے 44 کروڑ روپئے وصول کئے تھے۔ یہ کمپنی بھوجبل کے افراد خاندان کی ہے۔ قبل ازیں ہائیکورٹ نے 18 ڈسمبر 2014ء کو اینٹی کرپشن بیورو اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ پر مشتمل ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت دی تھی تاکہ بھوجبل اور ان کے فرزند کے زیراہتمام خانگی کمپنیوں کو بے قاعدگیوں اور منی لانڈرنگ (ناجائز رقومات کی منتقلی) کی تحقیقات کی جائے۔ اس خصوص میں عام آدمی پارٹی نے ایک عرضی داخل کرتے ہوئے بھوجبل کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی گذارش کی تھی۔ الزامات کی تحقیقات میں غیرمعمولی تاخیر پر سرزنش کرتے ہوئے ہائیکورٹ نے 22 جولائی کو عبوری پورٹ اور 18 اگست کو قطعی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔