چھوٹے کاروباری افراد ہی معاشی سرگرمیوں کا مرکز اور محرک

نئی دہلی ۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج چھوٹے بیوپاریوں بشمول ترکاری اور دودھ فروش، بافندوں اور صناعوں نیوز پیپر ونڈرس تک رسائی حاصل کرتے ہوئے کہا ہیکہ ہندوستان معیشت کو درحقیقت چھوٹے چھوٹے یونٹس چلارہے ہیں نہ کی بڑی کمپنیاں ملک بھر میں چھوٹے بیوپاریوں کو روانہ ایک مکتوب میں وزیراعظم نے کہا کہ دراصل آپ لوگ ہی ہماری معاشی سرگرمیوں کا محرک ہیں اور آپ لوگوں کی بدولت معیشت کا استحکام اظہر من الشمس ہے۔ چھوٹے تاجرین کے مفاد میں حکومت کے مختلف اقدامات بشمول مدوا کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اگر آپ کے ہاتھ مضبوط ہوں گے تو میرا ایقان ہیکہ ہماری قوم آسمان کی بلندیوں تک پہنچ سکتی ہے۔ اب آپ لوگ خود بہ آسانی کاروبار کرنے کے اہل ہوں گے اور سرکاری عہدیداروں کی ہراسانی نہیں ہوگی۔ روزمرہ کی سرگرمیوں، مصنوعات کی تیاری کیلئے مطلوب اشیاء اور مارکٹ میں فروخت کیلئے قرض حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ مکتوب 31 مارچ کو تحریر کیا گیا تھا جسے آج جاری کیا گیا ہے جس میں وزیراعظم نے معیشت کے فروغ میں چھوٹے کاروباری افراد کے رول کو اجاگر کیا ہے اور کہا کہ اگر نہ یہ وہم و گمان رہتا ہیکہ ملک کی معیشت کو بڑی کمپنیاں چلاتی ہیں لیکن حقیقت میں آپ جیسے 5.5 کروڑ چھوٹے یونٹس چھوٹی چھوٹی مصنوعات کی پیداوار تجارت اور خدمات کے ذریعہ ہماری معیشت کو فروغ دیتے ہیں۔ مک بھر میں 11-12 کروڑ افراد کو روزگار فراہم کرنے پر ستائش کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ان میں اکثریت ایس سی، ایس ٹی، او بی سی اور اقلیتوں کی ہے اور ہندوستان کی ترقی اور فراہمی روزگار اور خوشحالی آپ پر منحصر ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ فریضہ ہیکہ چھوٹے بیوپاریوں اور کاروباری افراد کی معاشی بحران کے وقت اعانت کی جائے تاکہ یہ احساس پیدا ہوکہ ان کا مستقبل محفوظ ہے۔ اگر ہم یہ کام کرتے ہیں تو یہ یقینی ہیکہ آپ لوگ قوم کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچا سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے بیوپاریوں کو معمولی شرح سود پر قرض فراہم کرنے کیلئے حکومت MUDRA بینک قائم کیا۔ علاوہ ازیں پردھان منتری جن دھن یوجنا کے تحت اکاونٹ سے 5 ہزار روپئے کا قرض حاصل کیا جاسکتا ہے جبکہ ماہانہ ایک روپیہ پریمیم ادا کرنے پر 2 لاکھ روپئے کا حادثاتی بیمہ اور نوجوانی کی عمر سے ماہانہ 250 روپئے جمع کروانے پر 60 سال کے بعد ماہانہ 5,000 روپئے وظیفہ ادا کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے چھوٹے بیوپاریوں سے پرزور اپیل کی کہ سرکاری اسکیمات سے استفادہ کرنے ہندوستان کو ایک عالمگیر طاقت بنائیں کیونکہ جب پر (Wings) ہوں تو پرواز (Fly) خودبخود کی جاتی ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم نریندر مودی نے انگریزی روزنامہ ہندوستان ٹائمز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں یہ الزام عائد کیا کہ خانگی شعبہ ہنوز لکیر کا فقیر بنا ہوا ہے اور محصولیاتی دہشت گردی اور مخصوص استثنیٰ جیسے میراثی مسائل میں پھنا ہوا ہے اور کہا کہ سرخ فیتہ شاہی کو صرف مکیش امبانی کی خاطر ہٹایا نہیں جاسکتا۔