چھوٹے شہروں کو فضائیہ سے جوڑنا ناگزیر

گلبرگہ 2 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت کرناٹک ریاست کے مختلف اضلاع کو فضائی نقشے سے جوڑنے کیلئے نئے ایرپورٹس نجی اشتراک سے بنوانے جارہی ہے، لیکن ان منصوبوں میں چند غیر متوقع مسائل کی وجہ سے پیش رفت محدود ہوکر رہ گئی ہے۔ یہ بات وزیر برائے اطلاعات ، انفرااسٹرکچر وحج جناب روشن بیگ نے دہلی میں مرکزی وزارت سے شہری ہوابازی کی طرف سے طلب کردہ وزرائے اعلیٰ کی کانفرنس میں کرناٹک کی نمائندگی کرتے ہوئے کہی۔ انہوںنے کہاکہ مرکزی حکومت کی طرف سے لائی گئی شہری ہوا بازی پالیسی کا کافی عرصے سے انتظار تھا۔ اس پالیسی کے ذریعہ ایرپورٹوں کو فروغ دینے پر توجہ خوش آئند ہے۔ ریاستی حکومتیں اس پالیسی کے ذریعہ اپنے اپنے علاقوں میں صنعتی فروغ کو بڑھاوا دے سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت کرناٹک بلاری، ہاسن ، گلبرگہ اور شیموگہ میں نجی اشتراک سے ایرپورٹس کی تعمیر کو بڑھاوا دے رہی ہے، لیکن اس میں بعض تکنیکی رکاوٹوں نے منصوبوں کو آگے بڑھنے سے روک رکھا ہے۔ انہوںنے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ریاست کے تمام زیر التواء ایرپورٹوں کی تکمیل کیلئے ہر طرح کا تعاون دیا جائے۔ بیدر میں ایرپورٹ کی شروعات پر نجی فریقوں کی طرف سے رکاوٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مرکزی وزارت شہری ہوا بازی کے ساتھ اس سلسلے میں بات چیت کی گئی ہے، آنے والے دنوں میں وزارت کو چاہئے کہ اس پر توجہ دے اور جلد از جلد جو بھی تنازعہ پیدا ہوا ہے، اسے سلجھا یا جائے۔علاقائی سطح پر سفری سہولیات میں اضافہ کیلئے مختلف تعلقہ جات میں ہیلی پیڈ کی تعمیر پر بھی جناب روشن بیگ نے زور دیا،اور کہاکہ ان ہیلی پیڈ کے استعمال سے جہاں ہیلی کاپٹر سیاحت کو بڑھاوا دیا جاسکتاہے، وہیں طبی سہولیات کیلئے ہیلی کاپٹر آمبولنسوں وغیرہ کو بھی استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ دوسرے اور تیسرے زمرے کے شہروں میں بھی نجی اشتراک سے ایرپورٹوں کی تعمیر کو بڑھاوا دینے پر انہوں نے زور دیا۔ انہوںنے بتایاکہ ریاست کرناٹک نے ملک میں سب سے پہلے طویل مدتی فضائیہ پالیسی ترتیب دی ہے، 2011میں ہی اس پالیسی کا مسودہ مرکزی حکومت کو پیش کیا جاچکا ہے۔ ایرلائن کمپنیوں کی طرف سے بار ہا کرایوں کو اچانک بڑھادئے جانے اور بعض مراحل میں مسافروں کو ہراساں کئے جانے کی شکایات پیش کرتے ہوئے روشن بیگ نے کہاکہ نجی ایر لائنوں کی ان ہراسانیوں کو گرفت میں لینے کیلئے مرکزی حکومت کو چاہئے کہ ایک بااختیار پرائیویٹ ایر لائن ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا قائم کرے۔ تاکہ عوام کو آنے والے دنوں میں اس طرح کی ہراسانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ دہلی کے وگیان بھون میں منعقد کانفرنس میں مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو ، وزیر مملکت برائے شہری ہوا بازی ڈاکٹر مہیش شرما ، شہری ہوا بازی کے سکریٹری سوم سندر ، مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ، وزرائے انفرااسٹرکچر اور محکمۂ انفرااسٹرکچر کے سکریٹریان موجود تھے۔