چھتیس گڑھ : ’سوچھ بھارت‘ کے ’ نو رتن‘ منتخب

رائے پور۔/21اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعلیٰ رمن سنگھ نے چھتیس گڑھ میں سوچھ بھارت ابھیان کے لئے فنون لطیفہ ، ثقافت، سماجی خدمات اور صنعتی شعبوں سے’ نورتنوں‘ کا انتخاب کیا ہے جو اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے ریاست کے دیگر افراد کو بھی ابھیان کا حصہ بننے راغب کریں گے۔ دریں اثناء ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ چھتیس گڑھ کے نورتن وزیر اعظم نریندر کی جانب سے ملک گیر پیمانے پر شروع کئے گئے سوچھ بھارت ابھیان میں عوامی بیداری کیلئے اپنا مکمل تعاون پیش کریں گے۔ ان نورتنوں کو کل منترالیہ مدعو کیا گیا تھا جہاں انہیں سوچھ بھارت ابھیان سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں اور ان سے اپیل کی گئی کہ وہ اس ابھیان میں دامے ، درمے ، سخنے حصہ لیتے ہوئے دیگر لوگوں کو بھی راغب کریں۔ جن نورتنوں کا انتخاب ہوا ہے ان میں گلوکارہ تیجن بائی، سماجی ورکرس پھول باسن یادو اور ڈاکٹر اے ٹی کے ڈابکے، فلم ایکٹر انوج شرما سوامی، سوامی ستیہ روپانند، ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کی سابق کپتان صباء انجم، ممتاز صنعت کار ہریش کیڈیا، بھیلائی اسٹیل پلانٹ کے سی ای او چندر شیکھرن اور جاشپور ڈسٹرکٹ کے بابر واہن سنگھ شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ نے ان نو رتنوں کو اب تک مکمل ہوئے پروگرام کے بارے میں بھی بتایا اور اپیل کی کہ سوچھ بھارت پروگرام کو جاری رکھتے ہوئے وہ اپنا مکمل تعاون پیش کریں۔ یاد رہے کہ سوچھ بھارت ابھیان کو ملک گیر پیمانے پر شہرت حاصل ہوئی ہے جہاں ملک کے کئی بڑے نام اب تک اس ابھیان سے وابستگی اختیار کرچکے ہیں جن میں ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا، صنعت کار انیل امبانی، کرکٹر سچن تنڈولکر کے نام قابل ذکر ہیں۔