چھتیس گڑھ میں بی جے پی ہی دوبارہ حکومت بنائے گی

رائے پور ۔ 27 مارچ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ملک کے حالیہ بعض ضمنی انتخابات میں مخالف بی جے پی فیصلوں کو نظرانداز کرتے ہوئے چیف منسٹر چھتیس گڑھ رمن سنگھ نے کہا کہ اگرچہ کہ انتخابات کیلئے اِن پر دباؤ بڑھتا جارہا ہے لیکن میرا قوی ایقان ہے کہ بی جے پی ہی ریاست میں دوبارہ اقتدار حاصل کرے گی ۔ اس سال کے اوآخر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیںاور مرکز میں 2019 ء کے انتخابات میں بھی بی جے پی ہی اقتدار پر آئے گی کیونکہ پارٹی کی اچھی پالیسیوں اور اچھی حکمرانی سے عوام خوش ہیں۔ بی جے پی لیڈر نے کہاکہ ان کی حکومت نے اپنی ترقیاتی پالیسیوں کا بہترین مظاہرہ کیا اور ان کے ارکان اسمبلی بھی ہر موضع میں پہونچکر عوام کے مسائل کی یکسوئی کررہے ہیں ۔ ہم نے اپنے وعدوں سے آگے بڑھکر کام انجام دیئے ہیں۔ ریاست کے ہر حصہ میں برقی سربراہی ،پانی کی فراہمی ، تعلیم ، سڑکیں اور دیگر کئی ترقیاتی کام انجام دیئے ہیں۔