چھتیس گڑھ ،خواتین کے لاپتہ ہونے کے معاملہ میں سرفہرست :کانگریس

رائے پور، 24اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے چھتیس گڑھ کو خواتین کے لاپتہ ہونے کے معاملہ میں اول قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ ریاست سے گزشتہ پانچ برسوں میں 37ہزار سے زیادہ خواتین غائب ہیں۔پارٹی کی قومی ترجمان پرینکا چترویدی نے آج یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ قومی جرائم بیورو کے ریکارڈ کے مطابق ریاست سے گزشتہ پانچ برسوں میں 27ہزار خواتین لاپتہ ہیں جبکہ رمن حکومت نے اسمبلی میں اعتراف کیا ہے کہ 37106خواتین لاپتہ ہیں ۔ لاپتہ خواتین کہاں گئیں اس کا پتہ لگانے میں رمن حکومت کو دلچسپی نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ مودی اور رمن کے خواتین مخالف ماڈل کا ہی نتیجہ ہے کہ چھتیس گڑھ میں خواتین پر مظالم کے نئے ریکارڈ بنے ہیں۔ یہ ایسی ریاست ہے کہ جہاں اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل پولیس (اے آئی جی) کو خواتین کے خلاف جرائم معاملہ میں قصوروار قرار دیکر برخاست کئے جانے کے بعد کابینہ میں ایک تجویز کے ذریعہ بحال کردیا جاتا ہے ۔ چترویدی نے ریاست میں گزشتہ پانچ برسوں میں خواتین پر مظالم اور جرائم سے منسلک چند بڑے معاملات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کو خواتین سے ووٹ مانگنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ مودی حکومت خواتین کو پارلیمنٹ اور اسمبلی میں 33% ریزرویشن دینے کے بل کو کانگریس کے راجیہ سبھا میں کھلی حمایت دینے کے اعلان کے بعد بھی پیش نہیں کررہی ہے ۔