چھتری ناکہ کا بدنام زمانہ عادی سارق گرفتار

مسروقہ مال ضبط ، ڈی سی پی ساوتھ زون ستیہ نارائنا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔4 ڈسمبر (سیاست نیوز) چھتری ناکہ پولیس نے بدنام زمانہ عادی سارق حبیب محمد کو علاقہ بالا پور رائل کالونی سے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے 15 لاکھ مالیتی مسروقہ مال برآمد کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس سائوتھ مسٹر وی ستیہ نارائنا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 25 سالہ حبیب محمد جو پیشہ سے پلمبر تھا، گزشتہ کئی عرصہ سے قفل شکنی کے ذریعہ سرقہ کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حبیب کی جانب سے مسلسل سرقوں کی وارداتوں میں ملوث ہونے پر فلک نما پولیس نے اس کی شیٹ کھولی تھی، لیکن وہ اپنی حرکتوں سے باز نہ آیا اور اپنی غیر قانونی سرگرمیاں جاری رکھا ہوا تھا۔ مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ حبیب محمد بچپن سے غلط صحبت میں پڑگیا تھا اور وہ پرتعیش زندگی جینے کا عادی ہے اور اسے پہلی مرتبہ سال 2002 ء میں دبیر پورہ پولیس نے ایک کیس کے سلسلہ میں گرفتار کیا تھا۔ سابق میں اسے کئی مرتبہ جیل بھیجا گیا تھا لیکن وہ رہا ہونے کے بعد دوبارہ سرگرم ہوتے ہوئے مختلف وارداتوں میں ملوث ہوگیا۔ چھتری ناکہ پولیس کی ایک ٹیم نے مذکورہ عادی سارق کو تلاشی مہم کے دوران اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ بغیر نمبر پلیٹ کی موٹر سائیکل پر جارہا تھا۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضہ سے 56 تولے طلائی زیورات ، 50 تولے چاندی اور ایک مسرقہ موٹر سائیکل برآمد کرلیا اور اسے آج عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا۔