چھتری ناکہ قتل کیس میں ملوث ملزمین گرفتار

اے سی پی فلک نما ڈیویژن عبدالرشید کی پریس کانفرنس

حیدرآباد ۔ 2 فبروری (سیاست نیوز) چھتری ناکہ پولیس نے راکیش کمار قتل کیس میں ملوث 12 افراد کوگرفتار کرلیا۔ اس خصوص میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما ڈیویژن مسٹر عبدالرشید نے بتایا کہ 29 جنوری کی رات دیر گئے چھتری ناکہ حدود میں راکیش کا قتل کردیا گیا تھا۔ اپنے ساتھی کی سالگرہ تقریب جو بالاپور میں تھی اس میں شرکت کے بعد یہ لوگ واپس ہورہے تھے کہ مخالف ٹولی کے تقریباً 6 افراد نے ان پر حملہ کردیا۔ ہاکی اسٹک اور چاقوؤں سے حملہ کرنے کے بعد راکیش پر وزنی پتھر ڈال دیا گیا تھا۔ اے سی پی نے بتایا کہ راکیش کے خوف سے اس کا قتل کردیا گیا۔ قاتلوں کی ٹولی کو خوف تھا کہ اگر راکیش کو نہیں مارا جاتا ہے تو وہ انہیں مار دے گا۔ اس بات سے خوف کا شکار اسی ٹولی نے منصوبہ تیار کیا اور قتل کردیا۔ راکیش جو خود بھی روڈی شیٹر بتایا گیا ہے۔ قتل اقدام قتل کی وارداتوں میں ملوث تھا۔ اس ٹولی سے اس کے رشتہ دار انجینیلو کا جھگڑا ہوا تھا اور رشتہ دار نے راکیش کو اس ٹولی کی نشاندہی کرائی تھی۔ اے سی پی نے بتایا کہ پیشہ سے جی ایچ ایم سی میں کنٹراکٹ ڈرائیور کی خدمات انجام دینے والا راکیش میرپیٹ پولیس سے وابستہ روڈی شیٹر تھا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں 26 سالہ نینادتھ راجو، 23 سالہ ایس مہیش، 25 سالہ پی مکیش، 23 سالہ ڈی شیوا، 31 سالہ سوریہ راہول، 25 سالہ جٹاوتھ پرساد، 21 سالہ شیوا کمار، 19 سالہ بھانو چندر اور 26 سالہ نمیتو کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد میں ایک سنتوش نگر پولیس سے وابستہ روڈی شیٹر بتایا گیا ہے تاہم تعجب کہ چھتری ناکہ پولیس نے یہ بات نہیں بتائی۔ پولیس نے گرفتار افراد کو عدالتی تحویل میں دے دیا۔