چکور: اس کا مسکن پہاڑیاں، جھاڑیاں اور گھاس ہیں

بچو! چکور ، نام سنسکرت زبان سے لیا گیا ہے، یہ ترکی سے لے کر افغانستان ، ہندوستان سے لے کر مغربی ہمالیہ کے پہاڑی سلسلوں تک اور وہاں سے نیپال تک پائے جاتے ہیں۔ چکور کا مسکن اونچی پہاڑیاں اور ان پر پھیلی ہوئی جھاڑیاں اور گھاس ہیں۔ بہت سے علاقوں میں یہ سطح سمندر سے 3000سے 4000 میٹر کی بلندی پر پایا جاتا ہے۔
لیکن یہ 600 میٹر کی بلندی پر بھی پایا جاتا ہے۔ نر چکور اور مادہ چکور تقریباً ایک جیسے ہی ہوتے ہیں۔ مادہ چکور سائز میں تھوڑی چھوٹی ہوتی ہے۔ چکور عام طور پر چھوٹے چھوٹے گروہوں کی شکل میں رہتے ہیں۔ ایک گروہ میں ان کی تعداد10 سے لے کر 50 تک ہوسکتی ہے۔ چکور اپنا گھونسلہ چھوٹی جھاڑیوں یا آگے جھکی ہوئی چوٹیوں کے نیچے بناتے ہیں۔ خوراک کے طور پر کئی اقسام کے بیج اور کیڑے کھاتے ہیں۔ یہ گروہوں کی شکل میں بھی آرام کرتے ہیں جس میں یہ ایک دائرے کی شکل میں بیٹھتے ہیں جبکہ ان کا سر باہر کی طرف ہوتا ہے تاکہ کوئی شکاری ان پر حملہ نہ کردے۔ سنہری عقاب عموماً چکور کا شکار کرتا ہے اور یہ سردیوں کے موسم میں نیچے وادی میں اُتر آتے ہیں اور کھیتوں سے خوراک حاصل کرتے ہیں۔ یہ مسلسل آوازیں نکالتے ہیں خاص طور پر صبح اور شام کے وقت۔