’چڈی گینگ‘ سے چوکس رہنے عوام کو مشورہ

کوکٹ پلی میں مشتبہ افراد کی نقل و حرکت، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد7 ڈسمبر (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے بدنام زمانہ ’’چڈی گینگ‘‘ سے چوکس رہنے عوام کو مشورہ دیا ہے۔ کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ ماتوشری نگر میں 4 مشتبہ افراد کی نقل حرکت کے پیش نظر پولیس نے چڈی گینگ کے ارکان کو گرفتار کرنے کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کوکٹ پلی علاقہ میں سی سی ٹی وی کیمروں میں 4 نوجوان چڈی پہنے ہوئے دیکھے گئے اور اُن کی مشتبہ حرکات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مقفل مکانات کو نشانہ بنانے کے لئے علاقہ میں گشت کررہے تھے۔ مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کے سی سی ٹی وی فوٹیج کے ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر عام ہونے کے بعد پولیس نے عوام کو یہ مشورہ دیا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی مشتبہ شخص کو علاقہ میں دیکھنے پر فوری پولیس کو اطلاع دیں۔ واضح رہے کہ چڈی گینگ سارقین کی بدنام زمانہ ٹولی ہے جو رہزنی اور سرقہ کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہے۔ اس ٹولی کی پہچان یہ ہے کہ جرم کا ارتکاب کرنے کے دوران وہ چڈی پہنے ہوتے ہیں۔ انسپکٹر کوکٹ پلی مسٹر سی ایچ کشالکر نے بتایا کہ مشتبہ افراد کے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل ہونے کے پیش نظر پولیس نے چوکسی اختیار کرلی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں چوکس رہیں اور ان کی گرفتاری کے لئے پولیس کی مدد کریں۔