رچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی ، 3.5 لاکھ مالیتی اشیاء ضبط
حیدرآباد ۔ /14 اگست (سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس نے انتہائی مطلوب بدنام زمانہ چڈی گینگ کے بانی پرامورامیا بھدریا کو گرفتار کرلیا ۔ ایک اہم کامیاب کارروائی میں رچہ کنڈہ کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے بھدریا کو ریاست گجرات کے ضلع دھاوت سے گرفتار کیا ۔ رچہ کنڈہ پولیس نے اس بدنام زمانہ لٹیرے کی گرفتاری کو چیلنج کے طور پر ٹھان لیا تھا ۔ اور انتھک کوشش کرتے ہوئے بالآخر اسے گرفتار کرلیا ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ پولیس مسٹر مہیش مرلی دھر بھاگوت نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی اور اس چڈی گینگ کے گرفتار سرغنہ لیڈر کو میڈیا کے روبروپیش کیا ۔ اس چڈی گینگ نے رچہ کنڈہ اور سائبر آباد کمشنریٹ حدود میں غیر سماجی سرگرمیوں سے دہشت مچادی تھی ۔ بھدریا آندھراپردیش اور تلنگانہ میں کل 29 وارداتوں میں ملوث ہے ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 100 گرام طلائی زیور ات ایک کیلو چاندی اور تین ہزار کی نقد رقم کل مالیت 3 لاکھ 50 ہزار و اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ اس ٹولی نے دونوں ریاستوں میں عوام کیلئے مشکلات پیدا کردی تھیں ۔ انہوں نے بتایا کہ گجرات کے ضلع دھاوت کے ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس مسٹر مہیش جوئیر کی جانب سے ایس او ٹی کو زبردست تعاون حاصل رہا ۔ جنہوں نے 300 گرام طلائی زیورات اور 500 گرام چاندی ، موبائیل فون جو کہ 10 لاکھ مالیتی بتائے گئے ہیں کو ضبط کیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی کے دیگرارکان 30 سالہ کے ماوجی ، 26 سالہ پرامور میگنری ، 27 سالہ پرامود سنجے ساکنان دھاوت ضلع گجرات مفرور ہیں ۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ کی ہدایت پر رچہ کنڈہ پولیس نے عمل کرتے ہوئے ٹکنالوجی کا بھرپور استعمال کررہی ہے اور کارروائیوں میں کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ اس موقع پر سید رفیق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس اسپیشل آپریشن ٹیم ڈپٹی کمشنر آف پولیس کرائم مسٹر کے آر ناگا راجو و دیگر موجود تھے ۔