چٹھی کی رقم طلب کرنے پر خاتون سے بدتمیزی کا واقعہ

حیدرآباد ۔ یکم اپریل ۔ ( سیاست نیوز) چٹھی کے بقایہ جات کی رقم طلب کرنے پر ایک خاتون کے ساتھ بہیمانہ سلوک کرتے ہوئے اُسے بیت الخلاء میں بند کردیا گیا ۔ یہ واقعہ جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا اور پولیس نے قصوروار افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے بموجب جوبلی ہلز ، یادگیری نگر کا ساکن نرسمہلو چٹھیوں کا کاروبار چلاتا ہے اور اس چٹھی میں اُسی علاقہ کی رہنے والی مہالکشمی نے بھی حصہ لیا اور 3.8 لاکھ کی رقم کی چٹھی اُٹھنے پر نرسمہلو سے رقم طلب کیا جس پر اُس نے خاتون سے مبینہ طورپر بدسلوکی کی اور اُس کے مکان کے بیت الخلاء میں اُسے غیرقانونی طورپر محروس کردیا ۔ خاتون وہاں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوئی اور پولیس میں اس بات کی شکایت درج کروائی جس پر جوبلی ہلز پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نرسمہلو کے علاوہ اُس کی بیوی اُوما ، بیٹا اکھل اور اُس کے داماد سریدھر کو گرفتار کرلیا۔