حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : پولیس اور چور کے درمیان دوڑ میں بازی مارتے ہوئے چور آگے نکل گیا اور اس کے تعاقب میں پولیس ملازمین زخمی ہوگئے ۔ چور پولیس کی یہ دوڑ آج سائبر آباد کے علاقہ میر پیٹ حدود میں پیش آئی ۔ جہاں ایک پولیس ملازم شدید زخمی ہوگیا جس کو کارپوریٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ پولیس اور چوروں کے درمیان تصادم جھڑپ اور حملے سائبر آباد حدود میں عام بات بنتی جارہی ہے ۔ تاہم مقامی عوام نے اس واقعہ کے بعد یہ تاثر پیش کیا کہ ایک چور دو پولیس ملازمین پر بازی مار گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ میر پیٹ پولیس اسٹیشن سے وابستہ دو کانسٹبل نریندر اور سریکانت آج صبح کے اوقات گائتری نگر چوراہے پر خدمات انجام دے رہے تھے دوران ڈیوٹی انہیں ایک موٹر سیکل سوار پر شبہ ہوا ۔ جو اپنے چہرے کو ماسک سے ڈھنکا ہواتھا اور پولیس ملازمین نے شبہ کی بنیاد پر اسے روکنا چاہا تاہم وہ نکل گیا جس کے بعد پولیس ملازمین نے اس کا تعاقب کرنا چاہا اور موٹر سیکل پر سوار ہوگئے چور کے پیچھے پولیس جارہی تھی اور اچانک پولیس نے اپنی رفتار بڑھا دی جو حادثہ کا سبب بن گئی ۔ موٹر سیکل بے قابو ہونے سے دونوں حادثہ کا شکار ہوگئے ۔ اور نریندر شدید زخمی ہوگیا ۔ جس کو مقامی کارپوریٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔۔