ساؤتھمپٹن۔ 25اگست (سیاست ڈاٹ کام)5 ٹسٹ میچوں کی سیریز میں چوتھا میچ 30 اگست تا 3 ستمبر تک ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائیگا۔ میزبان انگلینڈ کو ہند کے خلاف 5 میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے تیسرے میچ میں انگلینڈ کو 203 رنز سے شکست دیکر سیریز میں شاندار واپسی کی ہے اور اب ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ میزبان ٹیم کو تیسرے میچ میں شکست دینے کے بعد ٹیم کا حوصلہ بلند ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہے اور پرعزم ہے کہ انگلینڈ کو چوتھے میچ میں شکست دیکر سیریز 2-2 سے برابر کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ وہ انگلینڈ کے خلاف تیسرے میچ میں کامیابی پر بہت خوش ہیں۔دریں اثناء ہیڈ کوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ ہندوستانی ٹیم اس وقت انتہائی جارحانہ کھیل پیش کررہی ہے اور وہ اپنے حریف کے خلاف بہترمظاہرہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 24سالہ بمبرا نے صرف 4 ٹسٹ کھیلے ہیں لیکن ان میں کھلاڑیوں کو پریشان کرنے کا عنصر پایا جاتا ہے۔