بنگلورو 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں کانگریس کے رکن اسمبلی اومیش جادھو نے اسپیکر کو آج اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔ سمجھا جاتا ہے کہ جادھو بھی رمیش جرکی ہولی کے زیرقیادت باغی گروپ میں شامل ہوگئے ہیں۔ جس نے ریاستی جنتادل (ایس) کانگریس مخلوط حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کی دھمکی دی ہے۔ کانگریس لیڈر ملکارجن کھرگے کے طاقتور گڑھ ضلع کلبرگی کے حلقہ اسمبلی چنچولی سے جادھو دو مرتبہ منتخب ہوچکے ہیں۔ وزیر سماجی بہبود پریانک کھرگے کے ’آمرانہ رویہ سے ناخوش تھے۔ ان کے قریبی ذرائع نے کہا ہے کہ وہ بی جے پی میں شمولیت کا ارادہ رکھتے ہیں۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر انیش گنڈوراؤ نے اپنی پارٹی کے رکن اسمبلی کے استعفیٰ پر کہاکہ جادھو پارٹی سے وفاداری برقرار رکھنے کا وعدہ کرنے کے باوجود ڈرامہ بازی کررہے ہیں۔ دنیش نے کہاکہ ’اُنھیں ہرگز یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ آج وہ جو کچھ بھی ہیں کانگریس کی مرہون منت ہے۔ کوئی آئے اور جائے لیکن پارٹی بدستور برقرار رہتی ہے‘۔