علماء کرام کے خطبات ، مولانا محمد حسام الدین جعفر پاشاہ و دیگر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔6فروری (سیاست نیوز) صحابہ اکرام رضوان اللہ اجمعین اللہ کے رسول ﷺ اور امت محمدیہ ﷺ کے درمیان کڑی ہے اور ان کو مشتبہ کرنے کی کوششیں ایمان پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے ۔ صحابہ اکرام ؓ پر کوئی جرح کی گنجائش نہیں ہے لیکن حالیہ عرصہ میں یہ دیکھا جا رہاہے کہ ہر کوئی صحابہ کی شان اقدس میں گستاخی کا مرتکب ہونے لگا ہے ۔صحابہ اکرام نبی اکرم ﷺ کی محنت کا نتیجہ ہیں اور ان کے متعلق گمان کرنا بھی درست نہیں ہے۔ چنچلگوڑہ جونئیر کالج گراؤنڈ پر 8 فروری بروز جمعہ بعد نماز عشاء جلسہ عظمت صحابہ اکرام ؓ و مقام حضرت امیر معاویہؓ منعقد کیا جا رہاہے اس جلسہ کا انعقاد مختلف تنظیموں کی جانب سے کیا جا رہاہے ۔امیر امارت ملت اسلامیہ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ ‘ مولانا مفتی غیاث رحمانی ‘ مولانا مفتی عبدالمغنی مظاہری ‘ مولانا مفتی معراج الدین ابرار ‘ مولانا شبیر فیضی نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی اور کہا کہ شہر میں صحابہ کی شان میں گستاخی کی وباء چل پڑی ہے اور اس وباء کے دوران عوام میں یہ شعور اجاگر کرنا انتہائی ضروری ہے کہ صحابہ رضوان اللہ اجمعین کا مقام و مرتبہ کیا ہے اور ان کی دین میں کیا اہمیت ہے۔مولانا مفتی عبدالمغنی مظاہری نے کہا کہ جن اصحاب رسول ﷺ کو درجۂ صحابیت ملا ہو ان سے بغض و عناد رکھنا نبی ﷺ سے بغض وعناد رکھنے کے مترادف ہے اور یہ جمیع اہل سنت کا متفقہ عقیدہ ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ امت مسلمہ کو جو دین و شریعت ملی ہے وہ صحابہ ؓ کے واسطہ سے ہی ہم تک پہنچی ہے اسی لئے ان کی شخصیت کو مجروح کرنے کے کسی بھی عمل کو برداشت نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے بتایا کہ اس جلسہ عام سے مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی کے خلیفہ مولانا سید صلاح الدین سیفی نقشبندی کے علاوہ خانوادۂ امام اہل سنت کے چشم و چراغ مولانا مفتی حارث فاروقی کے علاوہ شہر کے مفتیان و علمائے اکرام مخاطب کریں گے۔ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے کہا کہ جلسۂ عظمت صحابہ و امیر معاویہ ؓ کے انعقاد کا مقصد عوام کو ان کی عظمت سے واقف کروانا ہے اور حضرت امیر معاویہ ؓ کے متعلق جس طرح کی گستاخیاں کی جارہی ہیں اس کو روکنے کے لئے عوام میں شعور اجاگر کرنا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ عوام حضرت امیر معاویہ ؓ کے حالات و تفصیلات سے واقف نہیں ہیں اسی لئے وہ ان گستاخیوں کو درست تصورکر رہے ہیں اسی لئے ان کو حقائق سے واقف کروانا ضروری ہے۔ مولانا مفتی غیاث رحمانی نے بتایا کہ نبی علیہ السلام کا ہر صحابی امت محمدیہ ﷺ کے لئے باعث احترام و تذکرہ ہے کیونکہ نبیﷺ نے واضح کہہ دیا ہے کہ میرے اصحاب سے جو محبت رکھے گا وہ مجھ سے محبت رکھے گا اور جو میرے اصحاب سے بغض رکھے گا وہ مجھ سے بغض رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ تنقیص صحابہ رضوان اللہ اجمعین کی بیماری میں جو لوگ مبتلاء ہیں انہیں مؤثر جواب دینے کی ضرورت ہے اور عوام کو حقائق سے واقف کروانے کیلئے شہر کے مختلف مقامات پر یہ جلسے منعقد کئے جائیں گے۔ مولانا مفتی معراج الدین ابرار نے بھی اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے خطاب کیا ۔