حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : پرانے شہر حیدرآباد کی صورت گیری میں جدید طرز کے ایک اور ترقیاتی پراجکٹ کا اضافہ ہونے والا ہے ۔ امکان ہے کہ عظیم الشان پیمانہ پر اس وسیع پراجکٹ عنقریب سنگ بنیاد رکھا جائے گا اور اس پراجکٹ کے آغاز کے لیے ضروری اقدامات کو سرکاری سطح پر تیزی سے عمل میں لایا جارہا ہے ۔ اور یہ پراجکٹ چنچل گوڑہ کے علاقہ میں سنٹرل جیل کے قریب عمل میں لایا جائے گا ۔ یہ بات ڈائرکٹر جنرل جیل مسٹر ونئے کمار سنگھ نے بتائی ۔ جو آج یہاں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب تھے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ پرانے شہر کا منفرد اور بڑا شاپنگ کامپلکس ہوگا ۔ جو سنٹرل جیل کے قریب تعمیر کیا جائے گا ۔ تاہم ڈائرکٹر جنرل نے پراجکٹ کی لاگت اور وقت ڈیزائن کا تذکرہ نہیں کیا ۔ ڈائرکٹر جنرل محابس نے بتایا کہ قدیم جیلوں کو میوزیم میں تبدیل کرنے کے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں اور قیدیوں کی بہبود کے اقدامات کو بھی قطعیت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کی ایسی قدیم جیلوں جو فی الحال ویران اور برائے نام جیل رہ گئے ہیں اور نئی جیلوں کی تعمیر کے بعد وہ بیکار ہیں ۔ ان کی ترقی کے اقدامات کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ کے تحت سنگاریڈی ( ضلع میدک ) کو جیل کو جو جیل خانہ کے نام سے مشہور ہے عجائب گھر ( میوزیم ) میں تبدیل کیا جائے گا ۔ انہوں نے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان عجائب گھروں کے ذریعہ مقامی تہذیب کو فروغ دیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت کا یہ اقدام ملک میں اپنی منفرد حیثیت رکھتا ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ مائی نیشن شاپنگ کامپلکس کے نام سے شاپنگ کامپلکس تعمیر کیا جائے گا ۔ اور اس کے ساتھ ہی تلنگانہ ریاست کے لیے نئی ڈی جی پی جیل کی عمارت کو بھی تعمیر کیا جائے گا ۔۔