حیدرآباد۔/20اگسٹ، ( سیاست نیوز) چنچل گوڑہ جیل کے پٹرول پمپ سے ایک قیدی بھاری رقم لیکر فرار ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سید ساجد جو بیوی کے قتل کی سزاء کاٹ رہا تھا۔ رات دیر گئے جیل کے پٹرول پمپ سے تقریباً 68,500 روپئے نقد رقم لیکر فرار ہوگیا۔قیدی کے اس رویہ پر برہم جیل کے اعلیٰ عہدیداروں نے فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے دو عہدیداروں کو معطل کردیا ۔ ڈی آئی جی حیدرآباد رینج مسٹر ایم چندر شیکھر نے دو وارڈنوں وارڈ نمبر 155 سروان کمار ریڈی اور وارڈ نمبر 96 بی سرینواس کو معطل کرکے مفرور قیدی کی تلاش شروع کردی اور اس سلسلہ میں دبیر پورہ پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت بھی درج کروائی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کل جامع سروے کے پیش نظر شہر کے تمام پٹرول پمپ بند تھے۔ چنچل گوڑہ جیل کا پٹرول پمپ جس کو راست جیل حکام کی نگرانی میں چلایا جاتا ہے اور قیدی اس پر کام کرتے ہیں۔ یہ پٹرول پمپ کھولا گیا تھا اور اس پر عوام کا زبردست ہجوم تھا۔ اس وجہ سے اس پٹرول پمپ پر رقم بھی کافی جمع ہوگئی تھی۔ ساجد جس کا سی ٹی نمبر 0172 بتایا گیا ہے موقع کا فائدہ اٹھاکر پٹرول پمپ کی رقم لیکر فرار ہوگیا۔ ساجد کو گذشتہ روز چرلہ پلی جیل سے چنچل گوڑہ منتقل کیا گیا تھا۔