چنور میں سردی کی لہر

چنور۔ یکم نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چنور حلقہ اسمبلی بھر میں سردی کا آغاز ہوگیا ہے۔ دن بہ دن رات کے درجہ حرارت میں کمی ہوتی جارہی ہے۔ رات اور صبح کی اولین ساعتوں میں سردی کی شدید لہر دیکھی جارہی ہے جبکہ دن کے درجہ حرارت میں کوئی خاص فرق نہیں دیکھا جارہا ہے۔ شام ہوتے ہی موسم سرد ہورہا ہے۔ موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی چنور میں گرم کپڑوں کی فروخت کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔

ٹی آر ایس امیدوار کو
عوام کی برہمی کا سامنا
بودھن۔ یکم نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی بودھن کے ٹی آر ایس امیدوار شکیل عامر کو نوی پیٹھ منڈل کے موضع ہمچہ میں مقامی عوام کی برہمی کا سامنا کرنا پڑا۔ مقامی افراد جن میں خواتین اور کسانوں کی کثیر تعداد شامل تھی، نے زرعی اغراض اور پینے کا پانی کی سربراہی میں ناکامی کا الزام عائد کیا اور احتجاجیوں نے کہا کہ گوداوری ندی کے قریب واقع مواضعات کو انتظامیہ پانی کی فراہمی میں ناکام رہی۔ مقامی افراد نے کہا کہ تقریباً چار سال سے یہاں موجود لفٹ ایریگیشن عدم کارکرد ہونے کی وجہ سے تقریباً 8 مواضعات کے عوام زراعت اور محفوظ پینے کے پانی کے حصول میں سخت دشواریوں کا سامنا کررہے ہیں۔ شکیل عامر نے مقامی مسائل کی فوری یکسوئی کا وعدہ کیا۔