چندنا برادرس جیویلری و ملبوسات شوروم میں سرقہ کی واردات

لاکھوں روپئے مالیتی زیورات و نقد رقم کا سرقہ ، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد ۔ /7 اگست (سیاست نیوز) کوکٹ پلی میں واقع چندنا برادرس جیویلری اور ملبوسات کے شوروم میں سرقہ کی سنگین واردات پیش آئی جس میں لاکھوں روپئے مالیتی طلائی زیورات اور نقد رقم کا سرقہ کرلیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ چندنا برادرس شوروم میں کل رات دیر گئے 3 نامعلوم افراد اس شوروم سے متصل زیرتعمیر عمارت کے ذریعہ شوروم کے چھت پر پہونچ گئے اور لفٹ کی دیوار میں نقب زنی کے ذریعہ اندر داخل ہوئے ۔ سارقین کی ٹولی نے شوروم میں موجود تقریباً ایک کیلو طلائی زیورات اور 15 لاکھ نقد رقم کا سرقہ کرکے فرار ہوگئی ۔ آج صبح شوروم کے انتظامیہ نے نقد رقم و طلائی زیورات غائب ہوجانے اور لفٹ کی دیوار میں نقب زنی دیکھ کر کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ پولیس کو اطلاع دی اور فوری وہاں پر ڈاگ اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا ۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا کہ تین رکنی سارقین کی ٹولی نے یہ واردات انجام دی ہے اور سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم کو موقعہ واردات سے انگلیوں کے نشانات بھی دستیاب ہوئے ہیں ۔ پولیس کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔