چندلمحوں کیلئے انوشکاشرما کو’’ مسز کوہلی‘‘ بنادیاگیا

ملبورن ۔31ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ویراٹ کوہلی اور بالی ووڈاداکارہ انوشکا کی دوستی اب دوستی سے کہیں زیادہ ہوچکی ہے۔ دونوں ایک دوسرے کے ہاتھ میں ہاتھ ڈالے اکثر دیکھے جاتے ہیں اور برملا اظہار کرچکے ہیں ہمارے درمیان چھپانے کیلئے کچھ نہیں ہے۔ دریںاثناء آسٹریلیائی کمنٹیٹر نے اس دوستی کو رشتے میں بدل دیا تاہم چند لمحوں میں ہی اصل ’’موقف‘‘ بحال بھی کردیا۔ میڈیا کے مطابق انوشکا شرما ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرے ٹسٹ میچ کے آخری دن کا کھیل دیکھنے ملبورن کرکٹ اسٹیڈیم گئیں تو شاید آسٹریلیائی کمنٹیٹر مائیکل سلیٹر انہیں دیکھ کر کچھ زیادہ ہی جذباتی ہوگئے اور جلد بازی میں انہیں ’’مسز ویراٹ کوہلی‘‘ کہہ دیا لیکن جب انہیں اپنی غلطی کا احساس ہوا تو فوراً ہی انہوں نے انوشکا شرما کو ویرات کوہلی کی منگیتر کہنا شروع کردیا۔