چندر شیکھر راؤ کے بشمول اہم امیدواروں کا ادخال پرچہ نامزدگی

متحدہ ضلع میدک سے ہریش راؤ، ڈی نرسمہا، ڈاکٹر گیتا ریڈی، سنیتا لکشما ریڈی، بابو موہن کے علاوہ دیگر نے نامزدگی داخل کی

سنگاریڈی۔/14نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) متحدہ ضلع میدک کے دس اسمبلی حلقہ جات میں آج بڑے پیمانے پر پرچہ نامزدگی داخل کئے گئے ۔ نجومیوں اور پنڈتوں کی جانب سے آج کا دن مبارک قرار دیئے جانے پر مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے صبح 11 بجے تا سہ پہر 3 بجے تک پرچہ نامزدگی داخل کئے۔ کارگذار چیف منسٹر و سربراہ ٹی آر ایس پارٹی کے چندر شیکھر راؤ نے بحیثیت ٹی آر ایس امیدوار حلقہ اسمبلی گجویل سے اپنا پرچہ نامزدگی دوپہر 2 بجکر 34 منٹ پر آر ڈی او آفس گجویل پہنچ کر داخل کیا۔ قبل ازیں کارگذار چیف منسٹر کے سی آر آج صبح 11 بجے ننگنور منڈل کے موضع کوناچئے پلی میں وینکٹیشور سوامی مندر پہنچے اور پرچہ نامزدگی کے ساتھ خصوصی پوجا میں حصہ لیا۔ 1985 سے کے سی آر پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے قبل اس مندر میں پوجا کرتے ہیں۔ حلقہ اسمبلی سدی پیٹ سے کارگذار وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے ٹی آر ایس امیدوار جبکہ این نروتم ریڈی نے بی جے پی امیدوار کی حیثیت سے پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ حلقہ اسمبلی اندول سے سابق ڈپٹی چیف منسٹر و کانگریس امیدوار دامودر راج نرسمہا، بی جے پی امیدوار بابو موہن اور کرانتی کرن ٹی آر ایس امیدوار نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے بہوجن سماج پارٹی امیدوار پی رامچندر نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ ڈاکٹر سنجیو ریڈی کانگریس، بھوپال ریڈی ٹی آر ایس، بسوا راج پاٹل بی ایل ایف نے حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ سے ، سابق وزیر و کانگریس امیدوار سنیتا لکشما ریڈی حلقہ سمبلی نرسا پور سے ، سابق رکن اسمبلی پی ششی دھر ریڈی، حلقہ اسمبلی میدک سے، سابق وزیر و کانگریس امیدوار ڈاکٹر جے گیتا ریڈی، ٹی آر ایس امیدوار مانک راؤ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد سے، سابق وزیر سی ایچ متیم ریڈی نے کانگریس اور راجکمار نے ٹی جے ایس امیدوار کی حیثیت سے حلقہ اسمبلی دوباک سے اور سابق رکن اسمبلی و ٹی آر ایس امیدوار جی مہیپال ریڈی، ششی کلا یادو ریڈی، کاٹا سرینواس گوڑ کانگریس اور نندیشور گوڑ تلگودیشم پارٹی امیدوار کی حیثیت سے حلقہ اسمبلی پٹن چیرو سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کئے۔ تمام قائدین نے خاموشی اور سادگی کے ساتھ پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ آئندہ دنوں میں ان قائدین کی جانب سے زبردست جلوس کے ہمراہ مزید ایک سٹ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا قوی امکان ہے۔