چتور میں کے چندر شیکھر راؤ اور نرسمہا ریڈی کے پتلے نذر آتش
مدن پلی /9 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع چتور میں چندرا بابو نائیڈو کے خلاف تلنگانہ حکومت کے رویہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے تلگودیشم پارٹی نے احتجاجات منعقد کئے ۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ہوم منسٹر نرسمہا ریڈی کے خلاف کیس درج کئے ۔ ترویتی چتور مدن پلی پلمنیر کپم میں اعلی پیمانہ پر احتجاجات منظم کئے گئے ۔ ہر جگہ تلنگانہ کے سی ایم کے سی آر کے پتلے نذر آتش کئے گئے ۔ مدن پلی میں سابق رکن اسمبلی دوملا پاٹی رمیش اور رام داس چودھری کی قیادت میں کے سی آر کا پتلہ نذر آتش کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ۔ اس موقع پر ڈی رمیش نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو آندھراپردیش کے تقسیم کے بعد نئی ریاست بنانے میں انتھک کوشش کر رہے ہیں ۔ ریاست آندھراپردیش کے 2019 تک ہندوستان کے سرفہرست میں اور 2050 تک دنیا کے سرفہرست میں لانے کیلئے کوشاں ہیں ۔ دنیا کے مختلف ممالک اپنی صنعت کیلئے اب آندھراپردیش کی طرف آرہے ہیں ۔ ہماری ریاست سنگاپور جاپان سے آگے نکلنے کیلئے ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ اسی لئے تلنگانہ حکومت آندھراپردیش کی ترقی کو روکنے کیلئے ذہنی طور پر پریشان کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور دنیا بھر میں چندرا بابو کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے انہیں بدنام کرنے کیلئے آڈیو ٹیپ کے ذریعہ فرضی طور پر مکالمات کے ٹیپ جاری کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب کے سی آر کی اس گھناؤنی حرکت کا جواب ملے گا اور چندرا بابو نائیڈو بے قصور ثابت ہوں گے ۔