چندرا بابو نائیڈو کی وزیر اعظم و دیگر وزرا سے ملاقاتیں

حیدرآباد۔/30مئی، ( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم و منتخب چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے آندھرا پردیش ریاست کو خصوصی زمرہ کا موقف دینے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے مودی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کو صنعتی مراعات دینے چاہئیں جس طرح اترکھنڈ اور ہماچل پردیش کو دئے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ رائلسیما علاقہ کیلئے خصوصی پیکج دیا جانا چاہئے ۔

نائیڈو نے وزیر فینانس ارون جیٹلی سے ملاقات کے دوران نئی ریاست میں صدر مقام کی تعمیرنو اور ترقی کیلئے تلنگانہ بل میں دی گئی مراعات اور خصوصی موقف کو فوری روبہ عمل لانے کی خواہش کی۔ انہوں نے بتایا کہ نئی ریاست کی ترقی کی ذمہ داری بحیثیت حکومت ان پر عائد ہوتی ہے اور وہ این ڈی اے حلیف کی حیثیت سے مرکز سے کافی توقعات رکھتے ہیں۔ مسٹر نائیڈو نے ارون جیٹلی سے خواہش کی کہ آندھرا پردیش کے صدر مقام کی تعمیر کیلئے خصوصی بجٹ جاری کیا جائے ۔آندھرا پردیش کو ترقی دلوانے یہ ضروری ہے کہ نئی ریاست میں پسماندہ طبقات کے قرضہ جات کی معافی یقینی بنائی جائے۔

علاوہ ازیں محاصل سے پاک بنانے پر اسے خصوصی موقف دیا جائے۔ نائیڈو نے بتایا کہ ارون جیٹلی نے ان کے مطالبات پر سنجیدہ غور کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ آندھرا کی تعمیر و ترقی کیلئے مرکز ممکنہ امداد فراہم کریگا۔ جیٹلی نے خصوصی پیاکیجس کی اجرائی کے متعلق بھی مسٹر نائیڈو کو تیقن دیا۔ مسٹر نائیڈو نے وزیر آبی وسائل سے ملاقات کے دوران تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں پانی کی تقسیم کے مسئلہ کو عاجلانہ طور پر حل کرنے کی خواہش کی اور کہا کہ پولاورم پراجکٹ کو قومی پراجکٹ قرار دیا جائے۔ انہوں نے اوما بھارتی سے خواہش کی کہ وہ پولاورم پراجکٹ کی تعمیر کے تمام اخراجات مرکز کی جانب سے ادا کرنے کا اعلان کریں۔

مسٹر نائیڈو نے مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات کی اور آندھرا پردیش کی تقسیم سے متعلق بل میں موجود خامیوں کی جانب نشاندہی کروائی ۔ انہوں نے وزیر داخلہ سے دونوں ریاستوں کے داخلی اُمور کے علاوہ اقتصادی اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد تلنگانہ کے سونپنے پر تلگودیشم نے اس مسئلہ کو پارلیمنٹ میں اُٹھاکر یہ واضح کیا تھا کہ اس اقدام سے سیما آندھرا علاقوں کی معاشی حالت ابتر ہوجائیگی۔ مسٹر نائیڈو نے مرکزی وزیر ریلوے مسٹر سدانند گوڑ سے ملاقات کرکے سکندرآباد۔ تروپتی ایکسپریس میں ڈکیتی کے واقعہ پر توجہ مبذول کروائی ۔انہوں نے وزیر ریلوے سے کئی اُمور بشمول نئے ریلوے اسٹیشنس کے علاوہ نئی ٹرینوں کے آغاز اور ریلوے لائنس کے متعلق نمائندگی کی۔