چندرا بابو نائیڈو پر حملہ کا کیس تین ماؤیسٹوں کو چار سال قید با مشقت سزا

حیدرآباد 25 ستمبر ( پی ٹی آئی ) تروپتی میں ایک عدالت نے آج ان تین نکسلائیٹس کو چار سال قید با مشقت کی سزا سنائی جو اس وقت کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر اکٹوبر 2003 میں مبینہ حملہ میں ملوث تھے ۔ انہوں نے اس وقت چندرا بابو نائیڈو کو نشانہ بناتے ہوئے الیپیری کے مقام پر بم دھماکہ کیا تھا ۔ ملزمین رام موہن ریڈی ‘ نرسمہا ریڈی اور ایم چندرا کو تروپتی کی ایک عدالت نے چار سال قید با مشقت کی سزا سنائی اور ان پر فی کس پانچ سو روپئے جرمانہ بھی عائد کیا ۔ پراسکیوٹر سدھاکر بابو نے یہ بات بتائی ۔ یکم اکٹوبر 2003 کو ماؤیسٹوں نے الیپیری میں کلے مور سرنگ دھماکہ کیا تھا جب چندرا بابو نائیڈو کا قافلہ تروملا کی سمت پیشرفت کر رہا تھا ۔ اس دھماکہ میں چندرا بابو نائیڈو زخمی ہوگئے تھے ۔ یہ تینوں ضمانت پر رہا کردئے گئے تھے تاہم انہیں آج فیصلہ سنائے جانے کے فوری بعد حراست میں لے لیا گیا ۔ ان تینوں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ان کی سزا میں تخفیف کی جائے کیونکہ یہ تینوں نکسلائیٹ ایسے ہیں جنہوں نے ہتھیار ڈال دئے ہیں۔ اس کیس میں جملہ 33 ملزمین تھے جن میں 11 مقدمہ کی سماعت کے دوران انتقال کر گئے جبکہ 15 ہنوز مفرور ہیں ۔ دو ملزمین کو پہلے اس کیس میں سزا ہوچکی ہے اور دو کو بری کردیا گیا ہے ۔