مہا کوٹمی کو مسترد کردینے عوام سے اپیل ، حسن آباد میں طلباء کے تائیدی جلسہ سے ہریش راؤ کا خطاب
حسن آباد۔ یکم نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے آج چیف منسٹر آندھرا پردیش نارا چندرا بابو نائیڈو پر الزام عائد کیا کہ وہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے باوجود دوبارہ تلنگانہ ریاست پر قبضہ جمانے کے درپے ہیں تاکہ یہاں قدرتی وسائل کو دوبارہ لوٹ کر آندھرا پردیش کو معاشی و اقتصادی طور پر مستحکم کرسکے۔ چندرا بابو نائیڈو اپنی مکار چالوں کے ذریعہ اقتدار کی بھوکی کانگریس کو بطور آلہ کار بناکر مہا کوٹمی کے نام پر ٹی آر ایس کو اقتدار سے بے دخل کرنے اور مہا کوٹمی کے نام پر آندھرائی حکمرانی کرنا چاہتے ہیں جس کے خلاف ریاست تلنگانہ کے ہر شہری کو سیاسی وابستگی سے بالاتر مخالفت کرنا چاہئے۔ وہ کل شام حسن آباد ٹاؤن میں مجوزہ قبل از وقت اسمبلی الیکشن کے تناظر میں ٹی آر ایس کی محاذی طلباء تنظیم تلنگانہ راشٹر ودیارتھی سمیتی کے زیراہتمام حسن آباد حلقہ کے ٹی آر ایس امیدوار وی ستیش کمار کے تائیدی جلسہ عام کو جوکہ صدر حلقہ شیخ افروز کی صدارت میں منعقد کیا گیا تھا۔ پرجوش انداز میں مخاطب کررہے تھے۔ انہوں نے عظیم اتحاد میں شامل کانگریس، سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ پارٹیوں نے تلنگانہ کے لٹیرے چندرا بابو سے اتحاد کیا جوکہ عوام کے نظر میں ناپاک و خود غرضی پر مبنی ہے۔ ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ بابو نے قیام تلنگانہ کے بعد زبردستی تلنگانہ کے 7 منڈلوں کو آندھرا پردیش میں ضم کروالیا ہے جس کے نتیجہ میں مذکورہ منڈلس ہنوز شدید برقی بحران سے دوچار ہیں۔ چندرا بابو نے مبینہ طور پر تلنگانہ کے آبی پراجیکٹس کی تعمیر و برقی پراجیکٹس کی تعمیر میں رخنہ ڈالنے کے کوشاں ہیں جس کو دیکھ کر ریاستی تلنگانہ کے عوام تلگو دیشم پارٹی و عظیم اتحاد کو یکسر مسترد کردیں گے۔ ہریش راؤ نے پرزور انداز میں ادعا کیا کہ ٹی آر ایس کے تنظیمی استحکام میں طلباء و نوجوانوں کا نمایاں رول رہا ہے۔ انہوں نے طلباء و نوجوانوں کو کے سی آر حکومت کی تمام فلاحی اسکیمات کو گھر گھر پہنچانے و اسکیمات کی تفصیل پیش کرتے ہوئے ٹی آر ایس امیدوار وی ستیش کمار کے لئے ووٹ مانگنے کا مشورہ دیا۔ وی ستیش کمار سابق رکن اسمبلی و امیدوار نے اپنے خطاب میں حلقہ کے عوام کو مہا کوٹمی اتحاد کو مسترد کرنے ٹی آر ایس کے انتخابی نشان کار کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ طلباء کے تنظیمی اجتماع کو ٹی آر ایس قائدین لکشمن راو، محمد عبدالوہاب انور، سدالو چندریا، تروپتی ریڈی، ماسٹر وی اندرانیل، جی سرینواس، اشوک اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ صدر اجلاس شیخ افروز نے کلمات تشکر پیش کئے۔