اغواء کے بعد قتل ، رقم کی طلبی ، مفرورملزمین کی تلاش جاری
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : چندرائن گٹہ پولیس نے ایک انسانی ڈھانچہ کو برآمد کرلیا ہے جو پہاڑی شریف کے سرحدی علاقہ میں تھا ۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ یہ انسانی ڈھانچہ اس لڑکے کا ہے جو 22 ستمبر کے دن اغواء کرلیا گیا تھا ۔ انسپکٹر چندرائن گٹہ راما راؤ نے بتایا کہ 10 سالہ کروناکر جو 22 ستمبر کو اغواء کرلیا گیا تھا ۔ اس کا ڈھانچہ دستیاب ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کروناکر کے والدین نے اس کی تصدیق کردی ہے تاہم پولیس کو مشتبہ ملزمین ملکارجن اور موہن نائیک کی تلاش ہے ۔ جنہوں نے کروناکر کا اغواء کیا تھا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق 22 ستمبر کو کروناکر کا اغواء کرلیا گیا اور 23 ستمبر کو اس کمسن کا قتل کردیا گیا اور نعش کو پہاڑی شریف اور میر پیٹ پولیس حدود کے سرحدی علاقہ میں پھینک دیا گیا ۔ اغواء کاروں نے گذشتہ روز فون پر رقم کا مطالبہ کیا تھا ۔ تاہم وہ پہلے ہی اس کمسن کو قتل کرچکے تھے ۔ پولیس چندرائن گٹہ مصروف تحقیقات ہے ۔۔