چندرائن گٹہ میں ایک شخص کا قتل

حیدرآباد ۔ 3؍ اگسٹ (سیاست نیوز) چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن حدود میں 27 سالہ سید پاشاہ کا قتل کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے بموجب پاشاہ کل لال دروازہ کے ساکن اپنے دوست راجو سے ملاقات کے لئے گیا ہوا تھا جہاں پر چند نامعلوم افراد نے مہ نوشی کے لئے رقم طلب کی اور نہ دینے پر اسے شدید زدوکوب کیا ۔ پاشاہ اپنے مکان فاطمہ نگر وٹے پلی لوٹ گیا جہاں پر وہ اچانک بیہوش ہوگیا جس کے سبب اسے دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ مقتول نے اس پر حملہ کی اطلاع اپنے ارکان خاندان کو نہیں دی جس کے باعث اس کا بروقت علاج نہ ہوسکا ۔ چندرائن گٹہ پولیس نے اس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا اور نعش کا دواخانہ عثمانیہ میں پوسٹ مارٹم کیا گیا اور بعدازاں نعش کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ۔