چندرائن گٹہ میں اجتماعی عصمت ریزی کا واقعہ

حیدرآباد /11 اپریل ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے علاقہ چندرائن گٹہ میں ایک کمسن کی اجتماعی عصمت ریزی کی سنگین واردات پیش آئی ۔ تاخیر سے منظر عام پر آئے اس ہولناک واقعہ نے پرانے شہر میں سنسنی پھیلا دی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 14 سالہ کمسن ایک ہفتہ سے لاپتہ تھی ۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اجتماعی عصمت ریزی کے ملزم 7 تا 8 افراد کی پولیس کو تلاش ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حافظ بابا نگر کے علاقہ میں نامعلوم مقام پر لڑکی کو رکھا گیا تھا ۔ لڑکی کا تعلق نرقی پھول باغ سے بتایا گیا ہے جبکہ لڑکے بابا نگر اور و آس پاس کے بتائے گئے ہیں ۔ ذرائع کے مطاق لڑکی کو تقریباً ایک ہفتہ اپنے ساتھ رکھنے کے بعد چار لڑکوں نے اسے بالانگر علاقہ میں رشتہ داروں کے مکان کے قریب چھوڑ دیا تاہم اس سے قبل کہ وہ اپنے رشتہ کے مکان پہونچتی مزید تین لڑکوں نے اس کے ساتھ بدسلوکی کی اور ان پر بھی عصمت ریزی کا الزام ہے ۔ لڑکی آج اچانک چندرائن گٹہ کے علاقہ میں نمودار ہوئی جس کے بعد مسئلہ کو والدین نے پولیس سے رجوع کردیا ۔ اس خصوص میں انسپکٹر چندرائن گٹہ مسٹر اے سرینواس کا کہنا ہے کہ پولیس مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے اجتماعی عصمت ریزی کے الزامات کا سامنا کر رہے ملزمین بہت جلد گرفتار کرنے کا دعوی کیا تاہم انہوں نے بتایا کہ لڑکی نابالغ اور اس کی اجتماعی عصمت ریزی کی گئی ۔