خود لڑکی نے ڈرامہ رچا تھا ، نامپلی درگاہ کے قریب سے لڑکی برآمد
حیدرآباد ۔ /27 فبروری (سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس نے چندرائن گٹہ علاقہ سے اغواء ہونے والی لڑکی کے ڈرامے کو بے نقاب کرتے ہوئے اسے نامپلی علاقہ سے برآمد کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب /26 فبروری کو پٹیل نگر بنڈلہ گوڑہ کی ساکن اسماء بیگم نے پولیس چندرائن گٹہ سے شکایت درج کرواتے ہوئے بتایا کہ اس کی 20 سالہ لڑکی تبسم بیگم کو مصطفیٰ نامی نوجوان نے اغواء کرلیا ہے ۔ پولیس چندرائن گٹہ نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا کہ کچھ ہی دیر میں لڑکی کا ایک ایسا ویڈیو والدین کو موصول ہوا جس میں اغواء کنندگان کی جانب سے اسے نیم برہنہ محروس رکھنے ، لڑکی کی جانب سے مدد طلب کرنے کا ویڈیو بھی شامل ہے ۔ ویڈیو میں تبسم بیگم نے یہ دعویٰ کیا کہ اسے نامعلوم پانچ افراد کی جانب سے اغواء کرلیا گیا اور اس کے ہاتھ پیر اور منہ باندھ دیئے گئے ۔ پولیس نے لڑکی کے موبائیل فون کے ٹاور لوکیشن کی مدد سے اس کا پتہ لگانے میں کامیابی حاصل کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ تبسم بیگم نے ہی اغواء کا ڈرامہ رچا تھا اور اس نے علاقہ شاہین نگر حسن نگر میں یہ ویڈیو تیار کیا تھا ۔ پولیس نے مزید بتایا کہ تبسم بیگم کو نامپلی درگاہ کے قریب برآمد کرلیا گیا اور تحقیقات کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ لڑکی کا معاشقہ تھا جس کے نتیجہ میں اس کے افراد خاندان میں اختلافات تھے ۔ مکان سے بھاگ کر اس نے اغواء کا ڈرامہ رچا تھا ۔