حیدرآباد۔ 25 اکتوبر (سیاست نیوز) چندرائن گٹہ پولیس نے 2 ماہ کے شیر خوار بچے کے اغوا کا معمہ اندرون 24 گھنٹے حل کرتے ہوئے 5 اغوا کنندگان بشمول 3 عورتوں کو گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما محمد رشید کے بموجب کل رات 8:30 بجے چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن حدود میں علاقہ بنڈلہ گوڑہ سے ایک نامعلوم عورت نے 8 سالہ محسن کو گمراہ کرتے ہوئے اس کے 2 ماہ کے شیر خوار بھائی کا اغوا کرلیا تھا۔پولیس چندرائن گٹہ نے اس ضمن میں اغوا کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔ اے سی پی نے کہا کہ شیر خوار کو منصوبہ بند طریقے سے اغوا کرنے کے بعد ورنگل سے تعلق رکھنے والی فوزیہ بیگم نے شیرخوار کو 60,000 روپئے میں فروخت کرنے کی کوشش کی اور اس سلسلے میں 20,000 روپئے پیشگی رقم بھی حاصل کرلی تھی۔ انہوں نے کہا کہ شیرخوار بچے کا اغوا ہونے کے اندرون چند گھنٹے پولیس نے علاقہ میں موجود تمام سی سی ٹی وی کیمروں کا تجزیہ کیا، جس میں اغوا کنندہ عورت فوزیہ بیگم کا پتہ چلایا۔ پولیس کی خصوصی ٹیم نے ضلع ورنگل پہنچ کر اغوا میں ملوث کنندگان کو حراست میں لے کر انہیں شہر منتقل کیا۔ پولیس نے بتایا کہ سی سی ٹی وی کی مدد سے اغوا کا معمہ حل ہوا ہے۔