چندرائن گٹہ تا آئی ایس سدن روڈ موت کا کنواں

حیدرآباد ۔ 25 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : پرانے شہر کے علاقہ چندرائن گٹہ آئی ایس سدن روڈ خون ریز شاہراہ میں تبدیل ہوتی جارہی ہے ۔ رات تو رات اب دن کے اوقات میں بھی اس سڑک پر شہریوں کے لیے سفر خطرناک ثابت ہورہا ہے ۔ آئے دن اس سڑک پر پیش آرہے حادثات کے باوجود روک تھام کے موثر اقدامات کا نہ ہونا اور ہیوی وہیکلس کی من مانی دوڑ شہریوں میں تعجب کا سبب بن گئی ہے ۔ اور ایسے واقعات و دلخراش حادثات کے باوجود ارباب مجاز کی سرد مہری مجرمانہ غفلت کا سبب تصور کی جارہی ہے ۔ جب کہ اس سڑک سے جو آئی ایس سدن تا چندرائن گٹہ ہاشم آباد اور مائیلا دیو پلی سے آرام گھر تک جڑتی ہے ۔ اس علاقہ میں کئی اسکولس ہیں ۔

تاہم ماضی کے دلخراش و دل دہلا دینے واقعات کے باوجود تاحال موثر اقدامات کا نہ ہونا شہریوں میں برہمی کا سبب بن یا ہے ۔ آج اس سڑک پر پولیس اسٹیشن حدود سنتوش نگر اور چندرائن گٹہ میں دو حادثات پیش آئے ۔ ایک خطرناک حادثہ میں دو افراد بشمول خاتون ہلاک اور ایک کمسن زخمی ہوگیا ۔ سنتوش نگر پولیس کے مطابق 65 سالہ چاند پاشاہ اپنی بیٹی 29 سالہ شہر بانو عرف نازیہ اور اسکے 4 سالہ لڑکے محمد عیان کو اسکول سے گھر واپس ہورہے تھے کہ ڈی ایم آر ایل چوراہے پر خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں 4 سالہ محمد عیان کرشماتی طور پر محفوظ ہوگیا جب کہ اس کی والدہ شہر بانو اور نانا محمد چاند پاشاہ ہلاک ہوگئے ۔ شہر بانو ماروتی نگر چمپا پیٹ علاقہ کے ساکن محمد جاوید کی بیوی تھی ۔ چندرائن گٹہ پولیس کے مطابق 48 سالہ ایا راؤ جو راجیو گرہاکلپا الماس گوڑہ علاقہ کا ساکن تھا اپنے ساتھی 40 سالہ وینکٹیش کے ہمراہ موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ بائی رمل گوڑہ علاقہ میں ان کی موٹر سیکل کو تیز رفتار ڈی سی ایم نے ٹکر دے دی ۔ جس کے سبب ایا راؤ برسر موقع ہلاک ہوگیااور اس کا ساتھی وینکٹیش زخمی بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلیے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔