چندرائن گٹہ ، شاہین نگر اور پہاڑی شریف علاقوں میں گانجہ فروخت کا ریاکٹ بے نقاب

دو رکنی ٹولی گرفتار ، حیرت ناک انکشافات ، رچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /6 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے چندرائن گٹہ اور شاہین نگر پہاڑی شریف کے علاقوں میں نشیلی اشیاء گانجہ فروخت کرنے والے ایک ریاکٹ کو رچہ کنڈہ پولیس نے بے نقاب کردیا ۔ اس دو رکنی ٹولی کی گرفتاری کے بعد حیرت ناک انکشافات ہوئے ۔ یہ ٹولی تقریباً ایک سال کے زائد عرصہ سے ان علاقوں میں گانجہ فروخت کرتے ہوئے عوام کو نشہ کی لعنت میں جھونک رہی تھی اور بالخصوص نوجوان نسل کو تباہ کر رہی تھی ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم رچہ کنڈہ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس سید رفیق کی نگرانی میں ایس او ٹی نے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد 39 سالہ رمیش کمار چاری ساکن آصف نگر اور 29 سالہ ششی ساکن آدرش کالونی کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 10 کیلو گرام گانجہ 4 سیل فون اور 5130 روپئے نقد رقم ایک موٹر سائیکل اور وئینگ مشین کو ضبط کرلیا ۔ ایڈیشنل ڈی سی پی ایس او ٹی سید رفیق کے مطابق رمیش چاری جو اصل سرغنہ ہے ۔ گانجہ کو بڑی مقدار میں راجمنڈری اور گوداوری اضلاع سے خریدا کرتا تھا ۔ اس گانجہ کو خانگی بسوں کے ذریعہ شہر منتقل کیا جارہا تھا اور گانجہ کو چھوٹے چھوٹے پیاکٹس تیار کرتے ہوئے فروخت کر رہاتھا ۔ یہ دو سرغنے جل پلی کے علاقہ میں ایس او ٹی کے ہاتھ لگے جو گاڑی پر گانجہ منتقل کر رہے تھے ۔ اس گانجہ کو چھوٹے پیاکٹس کی شکل میں تیار کرتے ہوئے یہ افراد 500 تا 600 روپئے فی پیاکٹ فروخت کر رہے تھے اور تقریباً گذشتہ ایک سال سے زائد عرصہ سے یہ حرکت جاری تھی ۔ پولیس نے گانجہ کی مالیت تقریباً 2 لاکھ سے زائد بتائی ہے ۔ ایس او ٹی پولیس نے مزید تحقیقات کیلئے اس ٹولی کو پہاڑی شریف پولیس کے حوالے کردیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔