چناؤ ریاستی حکومتوں کی کارکردگی پر لڑے گئے : راجناتھ

نئی دہلی ۔ 11 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کیلئے آج پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج سامنے آنے پر سینئر پارٹی لیڈر اور وزیر داخلہ راجناستھ سنگھ نے کہا کہ یہ چناؤ ریاستی حکومتوں کے پرفارمنس کی بنیاد پر لڑے گئے اور مودی حکومت پر ان نتائج کے امکانی اثر کو مسترد کردیا ۔ انہوں نے یہ نشاندہی بھی کی کہ کانگریس زیر قیادت مہاکوٹمی کو تلنگانہ میں شکست ہوگئی جہاں ٹی آر ایس نے بڑی اکثریت کے ساتھ اپنا اقتدار برقرار رکھا ہے ۔ پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت میں راجناتھ نے تمام کامیاب پارٹیوں اور امیدواروں کو اپنی طرف سے مبارکباد بھی پیش کی ۔ تادم تحریر کانگریس کو چھتیس گڑھ میں برسراقتدار بی جے پی کے مقابل اطمینان بخش سبقت حاصل ہوچکی ہے اور اس کے علاوہ راجستھان و مدھیہ پردیش میں بھی کانگریس کو برتری مل چکی ہے ۔البتہ میزورم میں برسراقتدار کانگریس کو علاقائی پارٹی میزو نیشنل فرنٹ ( ایم این ایف ) کے مقابل بری طرح شکست ہوگئی ہے ۔